برطانیہ: نابینا افراد کو معذوری الاؤنس کے لیے بار بار جانچ سے پریشانی
تکبیر نیوز (کیمبرج شائر): برطانیہ میں نابینا اور کم نظر افراد نے معذوری الاؤنس حاصل کرنے کے لیے بار بار جانچ کے عمل پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر بار اپنی معذوری ثابت کرنے کی کوشش انہیں ذہنی پریشانی اور بے قدری کا احساس دلاتی ہے۔
کیمبرج شائر سے تعلق رکھنے والی 28 سالہ خدیجہ رضا بھی ان افراد میں شامل ہیں۔ وہ آنکھوں کی ایک ایسی بیماری میں مبتلا ہیں جس کی تشخیص انہیں 10 سال کی عمر میں ہوئی تھی۔ یہ بیماری وقت کے ساتھ بینائی کو متاثر کرتی ہے اور اب خدیجہ کے مطابق ان کی بینائی تقریباً مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے۔
خدیجہ برطانیہ میں ملنے والی معذوری کی مالی امداد (PIP) سے بولنے والے گھریلو آلات، کمپیوٹر میں آواز کے ذریعے کام کرنے والے سافٹ ویئر اور ڈاکٹر کے پاس جانے کے لیے ٹیکسی کے اخراجات پورے کرتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ امداد کے لیے بار بار جانچ کے عمل سے نابینا افراد پریشان رہتے ہیں کیونکہ انہیں خدشہ ہوتا ہے کہ کسی بھی وقت ان کی مالی مدد بند ہو سکتی ہے۔ خدیجہ کے مطابق کئی مرتبہ انہیں جانچ کرنے والے عملے کو اپنی بیماری اور نابیناپن کی نوعیت سمجھانا پڑتی ہے، جس سے انہیں محسوس ہوتا ہے کہ ان کی بات کو صحیح طرح سمجھا ہی نہیں جا رہا۔
کوونٹری سے تعلق رکھنے والی 22 سالہ عریفہ بھی معذوری الاؤنس پر انحصار کرتی ہیں۔ وہ اس رقم سے ٹیکسی کے اخراجات اور اپنی سفید چھڑی کے خراب حصے تبدیل کرواتی ہیں۔ ان کے مطابق بسیں انہیں اکثر اس وقت نظر آتی ہیں جب انہیں پکڑنا ممکن نہیں رہتا، اس لیے ٹیکسی ان کے لیے ضروری ہے۔
اس معاملے پر 24 نومبر کو شائع ہونے والی ٹمز ریویو رپورٹ میں معذوری الاؤنس کے موجودہ نظام کو آسان بنانے کی تجاویز دی گئی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جن افراد کی معذوری شدید، مستقل اور واضح ثبوتوں سے ثابت ہو، انہیں مکمل جانچ اور بار بار اہلیت کی جانچ سے بچانے کے لیے خصوصی طریقہ اختیار کیا جائے۔
حکومت نے ابتدائی طور پر شدید اور واضح ثبوتوں والی معذوری کے شکار افراد کے لیے جلد فیصلہ کرنے کا طریقہ متعارف کرانے اور مستقل یا بڑھتی ہوئی بیماریوں میں غیر ضروری دوبارہ جانچ کم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ تاہم رپورٹ کی دیگر تجاویز پر حکومت ابھی غور کر رہی ہے۔
اس تبدیلی سے نابینا اور مستقل معذوری کے شکار افراد کو بار بار اپنی حالت ثابت کرنے کی پریشانی سے کچھ حد تک نجات ملنے کی امید ہے۔
