برطانیہ: چھ ہفتے کے بچے کی موت کے بعد بیبی کیریئر استعمال کرنے کی نئی ہدایات
تکبیر نیوز (سرے): برطانیہ میں چھ ہفتے کے بچے کی موت کے بعد والدین کے لیے بچوں کو سلنگ اور بیبی کیریئر میں اٹھانے کے محفوظ طریقوں سے متعلق نئی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
یہ معاملہ اکتوبر 2023 کا ہے، جب جمی ایلڈرمین نامی چھ ہفتے کا بچہ اپنی والدہ ایلی ایلڈرمین کے ساتھ بیبی کیریئر میں موجود تھا۔ والدہ اسے دودھ پلا رہی تھیں کہ بچہ سو گیا اور کچھ ہی دیر بعد اس کی سانس رک گئی۔ فوری طبی امداد اور بحالی کی کوششوں کے باوجود بچہ تین دن بعد انتقال کر گیا۔
واقعے کی عدالتی تحقیقات میں سامنے آیا کہ والدین کے لیے بیبی کیریئر اور بچوں کو اٹھانے والی سلنگ کے محفوظ استعمال سے متعلق واضح ہدایات موجود نہیں تھیں۔
جمی کے والدین جارج اور ایلی ایلڈرمین کا کہنا ہے کہ استعمال ہونے والے کیریئر کے اشتہار میں بغیر ہاتھ استعمال کیے بچے کو دودھ پلانے کی سہولت کا ذکر تھا، لیکن بعد میں انہیں معلوم ہوا کہ کیریئر میں اس طرح دودھ پلانا محفوظ نہیں ہے۔
والدین نے بتایا کہ کیریئر کی ویب سائٹ پر بھی اس بارے میں مثبت جواب موجود تھا، جو بچے کی موت کے بعد ہٹا دیا گیا۔ ان کے مطابق تمام بیبی کیریئرز کے لیے واضح حفاظتی اصول اور بہتر ہدایات ضروری ہیں۔
نئی ہدایات کے مطابق بچے کو کیریئر میں رکھتے وقت تین باتوں کا خاص خیال رکھنا ضروری ہے:
- بچہ والدین کے سینے کے مضبوط حصے کے ساتھ ہو اور اس کا سر اتنا قریب ہو کہ والدین آسانی سے اسے بوسہ دے سکیں۔
- بچے کا منہ اور ناک ہر وقت واضح طور پر نظر آنے چاہئیں۔
- کیریئر بچے کو جسم کے ساتھ مضبوطی سے تھامے، اس کی کمر کو مناسب سہارا دے اور اسے آگے کی جانب جھکنے نہ دے۔
یہ نئی ہدایات ڈرہم انفینسی اینڈ سلیپ سینٹر کی تحقیق کی بنیاد پر تیار کی گئی ہیں، جبکہ لَلّابی ٹرسٹ اور ٹیڈیز وش نے اس منصوبے کے لیے مالی تعاون فراہم کیا۔
تحقیق میں 1,470 ایسے والدین سے معلومات حاصل کی گئیں جن کے بچے ایک سال سے کم عمر تھے۔ نتائج کے مطابق نئے اور تجربہ کار دونوں طرح کے والدین کو بیبی کیریئر استعمال کرنے اور بچے کو درست انداز میں رکھنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔
لَلّابی ٹرسٹ کی چیف ایگزیکٹو جینی وارڈ نے والدین پر زور دیا ہے کہ بیبی کیریئر خریدتے وقت برطانوی حفاظتی معیار، بچے کی عمر، وزن اور قد کے مطابق مصنوعات کے انتخاب کو ضرور دیکھیں۔
جمی کے والدین کا کہنا ہے کہ نئی ہدایات ایک مثبت قدم ہیں، لیکن وہ چاہتے ہیں کہ مستقبل میں تمام بیبی کیریئرز کے لیے لازمی حفاظتی معیار اور قوانین بھی متعارف کرائے جائیں تاکہ کسی دوسرے خاندان کو ایسی تکلیف سے نہ گزرنا پڑے۔
