برطانیہ: برمنگھم میں 29 ہزار پاؤنڈ مالیت کے نائٹرس آکسائیڈ کینسٹرز ضبط
تکبیر نیوز (برمنگھم): برطانیہ کے شہر برمنگھم میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 1,500 نائٹرس آکسائیڈ کینسٹرز ضبط کر لیے ہیں، جن کی مالیت 29 ہزار پاؤنڈ سے زائد بتائی گئی ہے۔
ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے آپریشن فیرلس کے اہلکاروں نے کمیونٹی کی جانب سے فراہم کردہ معلومات پر برمنگھم ٹریڈنگ اسٹینڈرڈز کے ساتھ مل کر بورڈزلی گرین کے علاقے چیری ووڈ روڈ پر ایک مقام کو نشانہ بنایا۔
کارروائی کے دوران اہلکاروں کو ایک کنٹینر ملا، جس میں نائٹرس آکسائیڈ کے 242 ڈبے موجود تھے۔ حکام کے مطابق ان میں تقریباً 1,500 کینسٹرز شامل تھے، جن کی مجموعی مالیت 29 ہزار پاؤنڈ سے زیادہ ہے۔
آپریشن فیرلس سے وابستہ ڈیٹیکٹو سارجنٹ چلو مورگن نے کہا کہ شہریوں کی جانب سے پولیس کو فراہم کی جانے والی معلومات غیر قانونی اور خطرناک اشیا کو سڑکوں سے ہٹانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نائٹرس آکسائیڈ ایک خطرناک مادہ ہے جو صحت کو طویل المدتی نقصان پہنچا سکتا ہے، جبکہ اس کا تعلق ڈرائیونگ سے متعلق جرائم اور دیگر سماجی مسائل سے بھی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔ ڈیٹیکٹو سارجنٹ مورگن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس اس واقعے یا غیر قانونی اشیا کی خرید و فروخت سے متعلق معلومات ہوں تو پولیس کو آگاہ کریں۔
