تکبیر نیوز (مڈلزبرو، برطانیہ): مڈلزبرو کے قریب گرینگ ٹاؤن میں گھر میں لگنے والی خوفناک آگ کے واقعے میں 7 سالہ بچی اور اس کی 34 سالہ خالہ کی ہلاکت کے بعد پولیس نے 23 سالہ شخص پر قتل سمیت متعدد سنگین الزامات عائد کر دیے ہیں۔
کلیولینڈ پولیس کے مطابق پولیس اور ایمرجنسی سروسز کو 26 اگست کی صبح 5 بج کر 23 منٹ پر گرینگ ٹاؤن کے Birchington Avenue میں گھر میں آگ لگنے کی اطلاع ملی تھی۔
آتشزدگی کے نتیجے میں 34 سالہ نٹالی میکڈونلڈ اور ان کی 7 سالہ بھانجی ویلنٹینا فوسٹر جاں بحق ہوگئیں، جبکہ واقعے میں چار دیگر افراد بھی زخمی ہوئے۔
پولیس نے منگل کو تصدیق کی کہ ایک 23 سالہ شخص کے خلاف قتل کے دو الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ ملزم پر سیکشن 18 کے تحت ارادے کے ساتھ شدید جسمانی نقصان پہنچانے کے دو الزامات اور سیکشن 18 کے تحت ارادے کے ساتھ شدید جسمانی نقصان پہنچانے کی کوشش کے دو الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔
ملزم کو منگل یکم ستمبر کو ٹیز سائیڈ مجسٹریٹس کورٹ میں پیش کیا جانا ہے۔
شمالی پولیس کی سینئر تفتیشی افسر کیٹی اسمتھ نے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے پیچیدہ تحقیقات کے دوران مقامی رہائشیوں کی جانب سے تعاون اور صبر پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا اور عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی شخص کے پاس واقعے سے متعلق کوئی معلومات ہیں تو وہ Major Incident Public Portal کے ذریعے پولیس کو فراہم کرے۔
دوسری جانب CPS North East کی چیف کراؤن پراسیکیوٹر کیٹی نکلسن نے کہا کہ پراسیکیوٹرز نے کلیولینڈ پولیس کے ساتھ مل کر شواہد کا جائزہ لیا اور اس نتیجے پر پہنچے کہ ملزم کے خلاف عدالت میں کارروائی شروع کرنے کے لیے کافی شواہد موجود ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ عدالتی کارروائی جاری ہے اور ملزم کو منصفانہ ٹرائل کا حق حاصل ہے۔
کیٹی نکلسن نے خبردار کیا کہ ایسی کوئی رپورٹ، تبصرہ یا معلومات شیئر نہیں کی جانی چاہیے جو عدالتی کارروائی کو کسی بھی طرح متاثر کر سکتی ہو۔
پولیس کے مطابق اس کیس میں گرفتار کیے گئے ایک 31 سالہ شخص کو اتوار کے روز بغیر کسی الزام کے رہا کر دیا گیا ہے۔
آتشزدگی میں زخمی ہونے والوں میں ایک 48 سالہ خاتون شامل ہیں جو نیوکاسل کے Royal Victoria Infirmary میں ’’تشویشناک لیکن مستحکم‘‘ حالت میں زیر علاج ہیں، جبکہ ایک 27 سالہ شخص جیمز کک یونیورسٹی اسپتال میں زیر علاج ہے۔
دو نوعمر لڑکیوں کو غیر جان لیوا نوعیت کی چوٹیں آئی تھیں، تاہم دونوں کو طبی امداد کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔
پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ 23 سالہ ملزم کے خلاف عدالتی کارروائی شروع ہونے جا رہی ہے۔
