تکبیر نیوز (مڈلزبرو، برطانیہ): برطانیہ کے علاقے گرینگ ٹاؤن، ٹیز سائیڈ میں گھر میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں خاتون اور اس کی 7 سالہ بھانجی کی ہلاکت کے معاملے میں 23 سالہ شخص پر دو افراد کے قتل سمیت متعدد سنگین الزامات عائد کر دیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق 26 اگست کو صبح 5 بج کر 23 منٹ پر Birchington Avenue، Grangetown میں ایک گھر میں آگ لگنے کی اطلاع پر ایمرجنسی سروسز کو طلب کیا گیا تھا۔
آتشزدگی کے نتیجے میں 34 سالہ نٹالی میکڈونلڈ اور ان کی 7 سالہ بھانجی ویلنٹینا فوسٹر جاں بحق ہوگئیں، جبکہ واقعے میں چار دیگر افراد بھی زخمی ہوئے۔
کلیولینڈ پولیس کے مطابق منگل کو 23 سالہ شخص پر قتل کے دو الزامات عائد کیے گئے۔ اس کے علاوہ اس پر Section 18 کے تحت ارادے کے ساتھ شدید جسمانی نقصان پہنچانے کے دو الزامات اور Section 18 کے تحت شدید جسمانی نقصان پہنچانے کی کوشش کے مزید دو الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔
ملزم کو منگل ہی کو ٹیز سائیڈ مجسٹریٹس کورٹ میں پیش کیا جانا تھا۔
کیس کی تفتیش کرنے والی سینئر افسر کیٹی اسمتھ نے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ہمدردیاں اس واقعے سے متاثر ہونے والے تمام خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
پولیس نے مقامی رہائشیوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے پیچیدہ تحقیقات کے دوران تعاون اور صبر کا مظاہرہ کیا۔
پولیس نے کہا ہے کہ جس شخص کے پاس واقعے سے متعلق مزید معلومات موجود ہوں یا جسے کسی قسم کی تشویش ہو، وہ Major Incident Public Portal کے ذریعے معلومات فراہم کر سکتا ہے۔
CPS North East کی چیف کراؤن پراسیکیوٹر کیٹی نکلسن نے بتایا کہ پراسیکیوٹرز نے کلیولینڈ پولیس کے ساتھ مل کر شواہد کا جائزہ لیا اور اس نتیجے پر پہنچے کہ کیس کو عدالت میں پیش کرنے کے لیے کافی شواہد موجود ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ملزم کے خلاف عدالتی کارروائی جاری ہے اور اسے منصفانہ ٹرائل کا قانونی حق حاصل ہے۔
پولیس کے مطابق اس کیس کے سلسلے میں گرفتار کیے گئے ایک 31 سالہ شخص کو اتوار کو بغیر کسی الزام کے رہا کر دیا گیا تھا۔
زخمی ہونے والوں میں ایک 48 سالہ خاتون بھی شامل ہیں جو رائل وکٹوریہ انفرمری، نیوکاسل میں تشویشناک لیکن مستحکم حالت میں زیر علاج ہیں، جبکہ ایک 27 سالہ شخص کو جیمز کک یونیورسٹی اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
آتشزدگی میں زخمی ہونے والی دو نوعمر لڑکیوں کو غیر جان لیوا نوعیت کی چوٹیں آنے کے بعد علاج مکمل ہونے پر اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور تفتیشی ٹیم آتشزدگی کے مکمل حالات، ہلاکتوں اور دیگر زخمیوں سے متعلق واقعات کی کڑیاں جوڑنے میں مصروف ہے۔
