تکبیر نیوز (لوٹن): بیڈفورڈ شائر پولیس نے خطرناک اور غیر قانونی ہتھیاروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے لوٹن میں مختلف چھاپوں کے دوران تین زومبی چاقو سمیت منشیات، نقدی اور دیگر ممنوعہ اشیا برآمد کرلی ہیں۔
پولیس کے مطابق لوٹن کمیونٹی پولیسنگ ٹیم نے گزشتہ چند روز کے دوران متعدد کارروائیاں کیں، جن میں چھاپے اور گرفتاریاں شامل ہیں۔
پہلی کارروائی ایک اےئر بی این بی مقام پر کی گئی، جہاں پولیس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اس جگہ کو منشیات سے متعلق سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
پولیس نے کارروائی کے دوران ایک زومبی چاقو کے علاوہ نقد رقم، کلاس اے منشیات اور وزن کرنے کے لیے استعمال ہونے والا ترازو بھی برآمد کیا۔ کارروائی کے نتیجے میں تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایک دوسری کارروائی میں پولیس نے وارنٹ پر عمل درآمد کرتے ہوئے ایک مقام پر چھاپہ مارا، جہاں سے مزید ایک چاقو برآمد ہوا۔ اس کارروائی کے دوران ایک نوجوان کو ممنوعہ ہتھیار رکھنے کے شبے میں گرفتار کیا گیا۔
ادھر فارلی ہِل میں پولیس اہلکار غیر سماجی رویے سے متعلق موصول ہونے والی اطلاعات پر تحقیقات کر رہے تھے۔ کارروائی کے دوران دو افراد کو گرفتار کیا گیا۔
بعد ازاں کی جانے والی تلاشی کے دوران پولیس نے نَکل ڈَسٹرز اور ایک مزید زومبی چاقو برآمد کرلیا۔
بیڈفورڈ شائر پولیس کا کہنا ہے کہ خطرناک اور غیر قانونی ہتھیاروں کو نوجوانوں کے ہاتھوں سے دور رکھنا اس کی ترجیحات میں شامل ہے۔
پولیس نے کہا کہ جرائم کے خلاف نفاذ کی کارروائیاں اس حکمت عملی کا اہم حصہ ہیں، تاہم ہتھیاروں سے متعلق جرائم کی بنیادی وجوہات سے نمٹنے کے لیے اسکولوں، خاندانوں، مقامی اداروں اور کمیونٹیز کے ساتھ بھی کام جاری ہے۔
پولیس کے مطابق نوجوانوں کو درست فیصلے کرنے کی ترغیب دینے اور والدین کو ممکنہ استحصال کی علامات سے آگاہ کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
بیڈفورڈ شائر پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی شخص کو کسی فرد کے چاقو رکھنے یا خطرناک ہتھیاروں سے متعلق کوئی معلومات یا خدشات ہوں تو وہ پولیس کو اطلاع دیں، تاکہ بروقت کارروائی کی جاسکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کمیونٹی کی جانب سے فراہم کی جانے والی معلومات جرائم سے نمٹنے اور پولیس کے وسائل کو درست مقامات پر استعمال کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
معلومات پولیس کو 101 پر یا ویب چیٹ کے ذریعے فراہم کی جاسکتی ہیں، جبکہ گمنام اطلاع کرائم اسٹاپرز کو بھی دی جاسکتی ہے۔
