تکبیر نیوز — سوئٹزرلینڈ
سوئٹزرلینڈ کے شمالی کینٹن آرگاؤ کے شہر آراو میں ریِو پارٹی کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔
مقامی پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اتوار کی صبح پیش آیا، جس کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کردی۔
پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے افراد میں بعض کی حالت سنگین ہے جبکہ فائرنگ میں ملوث مشتبہ شخص تاحال گرفتار نہیں ہوسکا اور اس کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات اور فائرنگ کے اصل حالات ابھی واضح نہیں ہیں۔
پولیس کو رات تقریباً 2 بج کر 30 منٹ پر فائرنگ کی اطلاع ملی۔ اس وقت شہر کے شاخن علاقے میں گھوڑوں کے ریسنگ ٹریک پر آراو ریِو وولیم 7 کے نام سے تقریب جاری تھی۔
واقعے کے بعد فائر بریگیڈ نے جائے وقوعہ کے اردگرد وسیع علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ پولیس کی بڑی تعداد علاقے میں موجود رہی۔
مقامی شہریوں کو بھی جائے وقوعہ سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پولیس نے ایسے افراد سے بھی اپیل کی ہے جن کے پاس فائرنگ کے واقعے کی تصاویر یا ویڈیوز موجود ہیں کہ وہ انہیں تفتیش کاروں کے حوالے کریں۔
مقامی میڈیا کے مطابق ریِو میں موجود بعض افراد نے ابتدا میں فائرنگ کی آوازوں کو آتش بازی سمجھا، تاہم صورتحال اس وقت واضح ہوئی جب لوگوں کو زمین پر لیٹنے کے لیے کہا گیا۔
رپورٹس کے مطابق فائرنگ ریِو پارٹی ختم ہونے کے فوراً بعد ہوئی۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ مشتبہ شخص کی تلاش بھی جاری ہے۔
