لیوس: ایسٹ سسیکس میں Lewes کے قریب Southern ٹرین کے پٹری سے اترنے کے واقعے کے بعد مسافروں نے حادثے کے خوفناک لمحات بیان کیے ہیں۔
حادثے کے وقت ٹرین لندن وکٹوریہ سے ایسٹ بورن جانے والی سروس پر تھی۔ ٹرین ایک سرنگ کے قریب پٹری سے اتر کر ریلوے لائن کے کنارے جاگری، جس کے بعد بڑے پیمانے پر ایمرجنسی آپریشن شروع کیا گیا۔
حادثے میں دو افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 20 افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
ٹرین کے پچھلے ڈبے میں سفر کرنے والے مسافر Nathan Cole نے بتایا کہ حادثے کے دوران انہوں نے ایک خاتون کو ایسے دیکھا جیسے وہ "آسمان سے گر رہی ہوں”۔
ان کے مطابق ٹرین اچانک زمین کی جانب جھک گئی اور رکنے کے بعد ڈبے میں مٹی اور زمین کی بو محسوس ہورہی تھی۔ بعد ازاں مسافروں نے دروازہ کھولنے کی کوشش کی تاکہ لوگ باہر نکل سکیں۔
ایک اور مسافر Susan نے بتایا کہ ٹرین اچانک انتہائی تیزی سے چلنے لگی اور پھر ایک طرف جھک گئی۔ ان کے مطابق اگلے ہی لمحے ٹرین زور دار دھماکے کے ساتھ الٹ گئی۔
ریسکیو ٹیموں نے مسافروں کو ٹرین سے بحفاظت باہر نکالا، جبکہ طبی عملے نے موقع پر زخمیوں اور دیگر مسافروں کی مدد کی۔
ریلوے حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ تباہ شدہ بوگیوں کو جائے حادثہ سے ہٹانے کے لیے بھی پیچیدہ ریسکیو اور بحالی کا آپریشن جاری ہے۔
