برمنگھم: بزرگ افراد کے گھروں میں مبینہ طور پر واٹر بورڈ کے اہلکار کا روپ دھار کر داخل ہونے والے شخص پر دو ڈسٹرکشن برگلری کے الزامات عائد کردیئے گئے۔
پولیس کے مطابق لیسٹر کے رہائشی 44 سالہ جیکی او نیل نے 5 اگست کو برمنگھم کے علاقے Acocks Green میں خود کو واٹر بورڈ کا اہلکار ظاہر کرکے دو بزرگ افراد کو مبینہ طور پر دھوکا دیا۔
الزام ہے کہ ملزم نے سرکاری اہلکار ہونے کا بہانہ بنا کر گھروں میں داخل ہونے کے لیے متاثرین کا اعتماد حاصل کیا۔
جیکی او نیل کو 13 اگست کو Birmingham Magistrates’ Court میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے اسے حراست میں رکھنے کا حکم دیا۔ اسے آئندہ ماہ دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق واقعہ ڈسٹرکشن برگلری کی نوعیت کا ہے، جس میں عموماً ملزمان کسی بہانے سے بزرگ یا کمزور افراد کے گھروں میں داخل ہوتے ہیں۔
عوام خصوصاً بزرگ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ گھر پر آنے والے کسی بھی غیر متوقع شخص کی شناخت ضرور چیک کریں اور بجلی، گیس یا پانی کی کمپنی کے اہلکار ہونے کا دعویٰ کرنے والے افراد کو تصدیق کے بغیر گھر میں داخل نہ ہونے دیں۔
