اسٹوربرج: حالیہ تباہ کن جنگلاتی آگ سے متاثر ہونے والے خاندانوں کو پناہ دینے والے Old Swinford Hospital School نے عوام کی جانب سے بھرپور امداد پر اظہار تشکر کرتے ہوئے مزید عطیات نہ لانے کی اپیل کردی ہے۔
اسکول میں ان خاندانوں کو رہائش فراہم کی جارہی ہے جو آگ کے باعث اپنے گھروں سے بے گھر ہوئے۔ تاہم اسکول انتظامیہ کے مطابق عوام کی جانب سے اتنا سامان پہنچایا گیا ہے کہ اب متاثرین کی ضروریات کے لیے کافی سے زیادہ اشیاء موجود ہیں۔
اسکول نے سوشل میڈیا پیغام میں مقامی کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ موصول ہونے والی امداد متاثرہ خاندانوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہے، اس لیے عوام OSH میں مزید عطیات نہ لائیں اور دیگر مقامی ضرورت مندوں کی مدد کریں۔
اسٹوربرج گالف کورس کے قریب شروع ہونے والی آگ میں تقریباً 10 افراد زخمی ہوئے تھے، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔
آگ کے دوران کئی خاندانوں کو اپنے گھروں سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا، جبکہ علاقے میں دیگر مقامات پر بھی آگ کے واقعات رپورٹ ہوئے۔
اسٹوربرج کی رکن پارلیمنٹ Cat Eccles نے متاثرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے فائر فائٹرز، پولیس، ایمبولینس سروس، Dudley Council اور دیگر اداروں کی خدمات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ آگ سے ہونے والی تباہی کے اثرات طویل عرصے تک رہیں گے اور شدید گرمی اور موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات سے نمٹنے کے لیے حکومت کو فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔
