برمنگھم: برطانیہ کے شہر برمنگھم میں منگل کی شام ایک سڑک پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کیے جانے کے بعد ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔
ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے مطابق شام تقریباً 7 بجے ایک ہنگامہ آرائی کی اطلاع ملنے پر متعدد پولیس گاڑیاں اور خصوصی یونٹس موقع پر پہنچے۔ عینی شاہدین کے مطابق علاقے میں مسلح پولیس اہلکار بھی موجود تھے جبکہ احتیاطی طور پر سڑک کو گھیرے میں لے کر ٹریفک اور پیدل آمدورفت عارضی طور پر بند کر دی گئی۔
پولیس نے کارروائی کے دوران ایک شخص کو امن عامہ (Public Order Offence) سے متعلق شبہے میں گرفتار کر لیا، جسے مزید تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا اور صورتحال قابو میں آنے کے بعد تمام رکاوٹیں ختم کر دی گئی ہیں۔
ویسٹ مڈلینڈز پولیس نے واضح کیا ہے کہ واقعہ دہشت گردی سے متعلق نہیں اور عوام کے لیے کسی قسم کا وسیع تر خطرہ موجود نہیں ہے۔
پولیس نے علاقے کے رہائشیوں کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی کے پاس واقعے سے متعلق معلومات موجود ہوں تو وہ پولیس سے رابطہ کرے۔
