ڈمبارٹن: اسکاٹ لینڈ کے شہر ڈمبارٹن میں ایک رہائشی علاقے میں کھڑی گاڑی کو مبینہ طور پر جان بوجھ کر آگ لگا دی گئی، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس اور فائر سروس کو منگل کی صبح تقریباً 1:25 بجے گلین کیرن روڈ (Glencairn Road) پر واقعہ کی اطلاع ملی۔ اسکاٹش فائر اینڈ ریسکیو سروس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا، جبکہ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں مزدا CX-30 گاڑی کو مکمل طور پر شعلوں کی لپیٹ میں دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں فائر انجن کے پہنچنے کے فوراً بعد ایک زور دار دھماکے کی آواز بھی سنائی دیتی ہے، جس کے بعد فائر فائٹرز فوری طور پر آگ بجھانے میں مصروف ہو جاتے ہیں۔
پولیس اسکاٹ لینڈ نے واقعے کو مشتبہ آتش زنی (Deliberate Fire-Raising) قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کانسٹیبل ایما گِب نے کہا:
"خوش قسمتی سے اس خطرناک واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ ہماری تحقیقات جاری ہیں اور ہم ہر اس شخص سے اپیل کرتے ہیں جس نے یہ واقعہ دیکھا ہو یا جس کے پاس ڈیش کیم یا نجی سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہو، وہ پولیس سے فوری رابطہ کرے۔”
