تکبیر نیوز، ٹیلفورڈ (برطانیہ): برطانیہ میں ایک حیران کن اور خطرناک واقعے میں چوری شدہ ڈمپر گھر میں گھسا دینے والے شخص کو عدالت نے آٹھ سال قید کی سزا سنا دی۔ واقعے کے وقت گھر کے اندر تین افراد موجود تھے، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
عدالتی کارروائی کے مطابق 54 سالہ ڈین واکر نے گزشتہ سال ستمبر میں ایک تعمیراتی کمپنی سے ڈمپر چوری کیا اور اسے چلاتے ہوئے ٹیلفورڈ کے علاقے کیٹلے میں واقع ایک رہائشی گھر میں جا گھسایا۔
تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم اس وقت منشیات کے اثر میں تھا۔ ڈمپر کی شدید ٹکر سے گھر کو اس قدر نقصان پہنچا کہ وہاں رہنے والے افراد کو اپنا گھر خالی کرنا پڑا اور عارضی طور پر دوسری جگہ منتقل ہونا پڑا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے چند روز بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس کے خلاف گاڑی چوری، خطرناک ڈرائیونگ، املاک کو نقصان پہنچانے اور انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے سمیت متعدد الزامات عائد کیے گئے۔
عدالت میں استغاثہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کا اقدام انتہائی خطرناک تھا اور اس سے گھر میں موجود تین افراد کی جانیں خطرے میں پڑ گئیں۔ جیوری نے اسے املاک کو نقصان پہنچانے اور انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کا مجرم قرار دیا جبکہ ملزم نے گاڑی چوری اور دیگر الزامات کا اعتراف بھی کیا۔
سماعت کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ ڈین واکر ماضی میں بھی متعدد جرائم میں ملوث رہا ہے۔ اس کے خلاف آتشزدگی، جسمانی تشدد، چوری اور گھروں میں نقب زنی کے مقدمات بھی موجود تھے۔
شریوزبری کراؤن کورٹ نے ملزم کو آٹھ سال قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے اس کے سابقہ ساتھی کے حق میں دس سالہ حفاظتی حکم بھی جاری کیا جبکہ اسے آٹھ سال سے زائد عرصے تک گاڑی چلانے سے بھی نااہل قرار دے دیا گیا۔
تفتیشی افسر بیکی جاسپر نے کہا کہ ملزم کے اقدامات انتہائی خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف خوش قسمتی کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ورنہ یہ واقعہ ایک بڑے سانحے میں تبدیل ہو سکتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ سزا اس بات کا واضح پیغام ہے کہ عوام کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
