(تکبیر نیوز—- اسلام آباد)
ملک کے معروف روحانی و دینی شخصیت اور دربارِ گلستانِ محی الدین اسلام آباد کے سجادہ نشین پیر سخی محمد نقشبندی انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد دینی، روحانی اور سماجی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی۔
مرحوم معروف مذہبی اسکالر علامہ اعجاز احمد نیروی کے والدِ گرامی تھے اور طویل عرصے سے دینی و روحانی خدمات انجام دے رہے تھے۔ ان کی شخصیت سے ہزاروں عقیدت مند وابستہ تھے جو ان سے روحانی فیض حاصل کرتے رہے۔
مرحوم کی وفات پر مختلف مذہبی و سماجی شخصیات نے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے ان کی دینی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
صاحبزادہ پیر سلطان نیاز الحسن سروری قادری، صاحبزادہ پیر سلطان فیاض الحسن سروری قادری، صاحبزادہ سلطان بلال گل، سلطان باہو ٹرسٹ اسلامک ہیلپ اور تکبیر ٹی وی کی انتظامیہ نے اپنے مشترکہ تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ وہ سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
تعزیتی پیغام میں مرحوم کے لیے دعا کی گئی ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی کامل مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، جبکہ لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
مرحوم کی وفات پر ان کے عقیدت مندوں، مریدین اور اہلِ خانہ کی جانب سے دعاؤں اور فاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری ہے۔
