تکبیر نیوز (برمنگھم): برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے خوشخبری، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے برمنگھم اور اسلام آباد کے درمیان ہفتے میں تین پروازوں کا اعلان کیا ہے۔
قومی ایئرلائن کی جانب سے جاری کردہ پیغام کے مطابق برمنگھم اور اسلام آباد کے درمیان ہفتہ وار تین پروازوں کی سہولت سے مسافروں کو پاکستان جانے اور اپنے اہل خانہ سے ملاقات کے لیے سفر کی منصوبہ بندی میں مزید آسانی ہوگی۔
پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پروازوں کی اس سہولت سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنے وطن آنے اور عزیز و اقارب کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔
برمنگھم سمیت ویسٹ مڈلینڈز کے مختلف علاقوں میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد آباد ہے، جس کے لیے یہ فضائی سہولت وطن آمدورفت کے حوالے سے اہمیت رکھتی ہے۔
قومی ایئرلائن نے مسافروں کو اپنی آئندہ پروازوں کی بکنگ کروانے کی دعوت بھی دی ہے۔
مسافر پروازوں کے دنوں، اوقات، ٹکٹوں کی قیمتوں اور نشستوں کی دستیابی سے متعلق معلومات پی آئی اے کی آفیشل ویب سائٹ یا مجاز ٹریول ایجنٹس سے حاصل کر سکتے ہیں۔
