برطانیہ: بغیر تنخواہ 18 سال پولیس میں خدمات، 12 ہزار گھنٹے ڈیوٹی دینے والے رضاکار افسر کی غیر معمولی داستان
تکبیر نیوز (ایسیکس): برطانیہ کی کاؤنٹی ایسیکس میں ایک 61 سالہ رضاکار پولیس افسر نے 18 سال تک عوام کی حفاظت کے لیے 12 ہزار سے زائد گھنٹے خدمات انجام دے کر رضاکارانہ خدمت کی ایک نمایاں مثال قائم کردی۔ اس دوران انہوں نے نہ صرف خطرناک ملزمان کا سامنا کیا بلکہ انسانی جانیں بچائیں، لاپتا افراد کی تلاش میں حصہ لیا اور درجنوں پولیس اہلکاروں کی تربیت بھی کی۔
ایسیکس پولیس کے مطابق کوگیشال کے رہائشی اسپیشل انسپکٹر سائمن کلنگ نے 2008 میں اسپیشل کانسٹیبل کی حیثیت سے پولیس میں رضاکارانہ خدمات کا آغاز کیا تھا۔
وقت گزرنے کے ساتھ وہ اسپیشل انسپکٹر کے عہدے تک پہنچے اور اپنے کیریئر میں ایک وقت میں 47 پولیس اہلکاروں پر مشتمل ٹیم کی قیادت بھی کی۔
سائمن کلنگ نے ایمرجنسی صورتحال میں پولیس کارروائی اور گاڑیوں کے تعاقب سے متعلق خصوصی ڈرائیونگ کورسز بھی مکمل کیے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پولیس میں رضاکارانہ خدمات کے ساتھ وہ جزوقتی خود روزگار ڈرائیونگ انسٹرکٹر کی حیثیت سے بھی کام کرتے ہیں۔
گزشتہ 18 برس کے دوران سائمن کلنگ نے اپنی ڈیوٹی کے اہم واقعات اور تجربات ایک فہرست میں محفوظ کیے، جسے انہوں نے آئی ہیو، یعنی میں نے، کا عنوان دیا ہے۔
اس فہرست میں پیدل گشت، ملزمان کی گرفتاریاں، گاڑیوں کا تعاقب، لاپتا افراد کی تلاش، کمزور اور خطرات سے دوچار شہریوں کا تحفظ اور سنگین حادثات میں امدادی کارروائیاں شامل ہیں۔
اپنی خدمات کے دوران سائمن کلنگ کو کئی خطرناک حالات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ ایک موقع پر انہیں سر پر لات ماری گئی جس کے باعث اسپتال جانا پڑا، جبکہ ایک اور موقع پر انہیں اپنے دفاع کے لیے پولیس کی لاٹھی استعمال کرنا پڑی۔
وہ دھمکیوں کا بھی سامنا کرچکے ہیں اور متعدد مرتبہ گاڑیوں کی زد میں آنے سے بال بال بچے۔
سائمن کلنگ نے پولیس کے ڈاگ یونٹ اور ہیلی کاپٹر ٹیم کے ساتھ کارروائیوں میں حصہ لیا، آتشیں اسلحہ قبضے میں لیا اور تقریباً دس انچ لمبا چاقو رکھنے والے ایک شخص کو بھی گرفتار کیا۔
اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب ان کے سامنے چاقو سے مسلح شخص آیا تو وہ اس سے دور بھاگنے کے بجائے اس کی طرف بڑھے۔
ایک اور واقعے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ایک مشتبہ شخص کا پیدل تعاقب کرکے اسے پکڑ لیا، جس پر انہیں خود بھی حیرت ہوئی۔
ان کے مطابق وہ اے 12 شاہراہ پر گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہونے والے ایک کتے کو بھی بچا چکے ہیں۔
تاہم ان کی خدمات کے سب سے اہم واقعات میں دو انسانی جانیں بچانا شامل ہے۔ انہوں نے خودکشی کے خطرے سے دوچار دو افراد کو ریلوے پلیٹ فارم کے کنارے سے محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
اس کے علاوہ انہوں نے بچوں کو خطرناک حالات سے نکال کر پولیس کے تحفظ میں لینے کی کارروائیوں میں بھی حصہ لیا۔
سائمن کلنگ نے اپنے طویل کیریئر کے دوران نوجوان پولیس اہلکاروں کی تربیت اور رہنمائی بھی کی تاکہ وہ اپنے فرائض زیادہ اعتماد اور مہارت کے ساتھ انجام دے سکیں۔
انہوں نے اپنی کامیابیوں کے پیچھے اہلِ خانہ، خصوصاً اپنی اہلیہ کے تعاون کو بھی اہم قرار دیا اور کہا کہ ان کی اہلیہ ہمیشہ ان کی ذمہ داریوں کو سمجھتی اور ان کی حوصلہ افزائی کرتی رہی ہیں۔
اپنی 18 سالہ خدمات کی داستان کے اختتام پر سائمن کلنگ نے کہا کہ انہوں نے لوگوں کی زندگیوں میں مثبت فرق پیدا کیا ہے، اور سب کو محفوظ رہنے کی تلقین کی۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں اسپیشل کانسٹیبلز رضاکار پولیس افسر ہوتے ہیں جو بغیر تنخواہ خدمات انجام دیتے ہیں، تاہم انہیں باقاعدہ پولیس اہلکاروں کی طرح قانونی اختیارات حاصل ہوتے ہیں۔
سائمن کلنگ کی 18 سالہ خدمات اس بات کی مثال ہیں کہ رضاکارانہ طور پر کام کرنے والے اہلکار بھی مقامی کمیونٹیز کے تحفظ اور قانون نافذ کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
