2035 تک اسلام دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن سکتا ہے، مسلمانوں کی تعداد 2 ارب 57 کروڑ ہونے کی پیش گوئی
تکبیر نیوز (واشنگٹن): دنیا کے مذہبی اور آبادیاتی منظرنامے میں بڑی تبدیلی کی پیش گوئی سامنے آگئی۔ امریکی تحقیقی ادارے پیو ریسرچ سینٹر کی نئی تحقیق کے مطابق اگر موجودہ آبادیاتی رجحانات برقرار رہے تو 2035 تک اسلام پیروکاروں کی تعداد کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن سکتا ہے اور دنیا بھر میں مسلمانوں کی تعداد عیسائیوں سے بڑھنے کا امکان ہے۔
پیو ریسرچ سینٹر کی جانب سے 18 نومبر 2026 کو جاری کردہ تحقیق کے مطابق 2035 تک دنیا بھر میں مسلمانوں کی تعداد تقریباً 2 ارب 57 کروڑ جبکہ عیسائیوں کی تعداد 2 ارب 52 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے۔ اس طرح مسلمان آبادی کے لحاظ سے تقریباً پانچ کروڑ افراد کی برتری حاصل کرسکتے ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اسلام اور عیسائیت دونوں کے پیروکاروں کی مجموعی تعداد میں اضافہ متوقع ہے، تاہم مسلمانوں کی آبادی نسبتاً زیادہ تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
محققین کے مطابق اس فرق کی بنیادی وجوہات میں مسلمانوں کی نسبتاً نوجوان آبادی، زیادہ شرح پیدائش اور آبادی کے مختلف عمرانی گروہوں کی ساخت شامل ہیں۔
تحقیق کے مطابق 2020 سے 2025 کے دوران مسلمان خواتین کی اوسط شرح پیدائش 3.1 بچے فی خاتون جبکہ عیسائی خواتین کی 2.5 بچے فی خاتون رہی۔ ماہرین کے مطابق شرح پیدائش میں یہ فرق آنے والی دہائیوں میں دونوں مذہبی آبادیوں کے حجم پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔
پیو ریسرچ سینٹر نے 2020 سے 2070 تک دنیا کے بڑے مذہبی گروہوں کی ممکنہ آبادی کا جائزہ لیا ہے۔ تحقیق میں پیدائش، اموات، آبادی کی عمر، نقل مکانی اور مذہبی وابستگی میں تبدیلی سمیت مختلف عوامل کو مدنظر رکھا گیا۔
اس تحقیق میں پاکستان کے لیے بھی اہم پیش گوئی سامنے آئی ہے۔ ادارے کے مطابق پاکستان میں مسلمانوں کی تعداد 2020 کے تقریباً 22 کروڑ 70 لاکھ سے بڑھ کر 2070 تک 46 کروڑ 10 لاکھ ہوسکتی ہے۔
اس صورت میں پاکستان انڈونیشیا کو پیچھے چھوڑ کر دنیا میں سب سے زیادہ مسلم آبادی رکھنے والا ملک بن سکتا ہے۔ اس وقت عالمی سطح پر سب سے زیادہ مسلمان انڈونیشیا میں آباد ہیں۔
تحقیق کے مطابق 2070 تک دنیا بھر میں مسلمانوں کی مجموعی تعداد تقریباً 3 ارب 60 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے، جو عالمی آبادی کا تقریباً 36 فیصد ہوگی۔
دوسری جانب عیسائی آبادی کی عالمی جغرافیائی تقسیم میں بھی نمایاں تبدیلی متوقع ہے۔ پیو ریسرچ سینٹر کے مطابق افریقی ملک جمہوریہ کانگو مستقبل میں امریکا کو پیچھے چھوڑ کر سب سے زیادہ عیسائی آبادی رکھنے والا ملک بن سکتا ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ مذہبی آبادیوں میں یہ متوقع تبدیلیاں بنیادی طور پر آبادیاتی عوامل سے متعلق ہیں اور انہیں مستقبل کے قطعی نتائج نہیں سمجھنا چاہیے۔ شرح پیدائش، نقل مکانی اور دیگر سماجی حالات میں تبدیلی سے ان تخمینوں پر اثر پڑسکتا ہے۔
واضح رہے کہ پیو ریسرچ سینٹر کی 2015 کی ایک پرانی تحقیق میں اسلام اور عیسائیت کی آبادی تقریباً 2070 کے آس پاس برابر ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا، تاہم نئی تحقیق میں تازہ آبادیاتی معلومات کی بنیاد پر یہ وقت 2035 بتایا گیا ہے۔
ادارے کی نئی رپورٹ اس امکان کو ظاہر کرتی ہے کہ آنے والی دہائیوں میں دنیا میں مذاہب کے پیروکاروں کی تعداد اور مختلف خطوں میں ان کی آبادیاتی تقسیم میں نمایاں تبدیلی آسکتی ہے۔
