13 سال کا انتظار ختم، دنیا بھر میں جی ٹی اے 6 ریلیز، گیمرز کا جوش عروج پر
تکبیر نیوز (لندن): دنیا بھر میں ویڈیو گیمز کے شوقین افراد کا 13 سال طویل انتظار بالآخر ختم ہوگیا۔ معروف امریکی کمپنی راک اسٹار گیمز نے اپنی مقبول ترین گیم سیریز گرینڈ تھیفٹ آٹو کا نیا حصہ جی ٹی اے 6 باضابطہ طور پر ریلیز کردیا ہے، جس کے بعد برطانیہ سمیت دنیا بھر میں گیمرز کے درمیان غیر معمولی جوش و خروش دیکھنے میں آرہا ہے۔
راک اسٹار گیمز کے مطابق گرینڈ تھیفٹ آٹو 6 جمعرات 19 نومبر 2026 کو مختلف ممالک میں مقامی وقت کے مطابق رات 12 بجے ریلیز کی گئی۔ برطانیہ میں بھی گیمرز آدھی رات سے اس نئے گیم سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
ابتدائی طور پر گیم سونی کے پلے اسٹیشن 5 اور مائیکروسافٹ کے ایکس باکس سیریز ایکس اور ایس کنسولز کے لیے پیش کی گئی ہے۔
گیم کی ریلیز سے قبل ہی دنیا بھر میں شائقین اس کی آمد کا شدت سے انتظار کررہے تھے، جبکہ متعدد ملازمین نے پہلے سے چھٹیوں کی درخواستیں بھی دے رکھی تھیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ملازمین کے انتظامی امور سے متعلق کمپنی بامبو ایچ آر کے اعدادوشمار میں جی ٹی اے 6 کی ریلیز کے دن چھٹیوں کی درخواستیں نومبر کے ایک عام دن کی نسبت تقریباً 13 فیصد زیادہ ریکارڈ کی گئیں۔
گیم کی غیر معمولی مقبولیت کے باعث یہ قیاس آرائیاں بھی سامنے آئیں کہ بڑی تعداد میں ملازمین اور طلبہ اسے کھیلنے کے لیے دفاتر اور تعلیمی اداروں سے غیر حاضر رہ سکتے ہیں، تاہم دنیا بھر میں غیر حاضری اختیار کرنے والوں کی کوئی مصدقہ مجموعی تعداد سامنے نہیں آئی۔
واضح رہے کہ گرینڈ تھیفٹ آٹو سیریز کا پچھلا بڑا حصہ جی ٹی اے 5 ستمبر 2013 میں ریلیز ہوا تھا، جس نے دنیا بھر میں غیر معمولی کامیابی حاصل کی۔
نئے گیم میں کھلاڑیوں کو وائس سٹی کی دنیا میں واپس لے جایا گیا ہے، جو امریکی شہر میامی سے متاثر ایک خیالی مقام ہے۔ گیم کی کہانی دو مرکزی کرداروں کے گرد گھومتی ہے، جبکہ اس میں وسیع دنیا اور جدید گرافکس پیش کیے گئے ہیں۔
جی ٹی اے 6 کی ریلیز کئی مرتبہ شیڈول تبدیل ہونے کے بعد عمل میں آئی ہے، جس کی وجہ سے شائقین کی دلچسپی اور توقعات مزید بڑھ گئی تھیں۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق ابتدائی تبصروں میں گیم کو زبردست پذیرائی ملی ہے اور اسے ویڈیو گیمز کی صنعت کی اہم ترین ریلیزز میں شمار کیا جارہا ہے۔
برطانیہ میں بھی گیمنگ کمیونٹی کے اندر نئی گیم کے کرداروں، مشنز، گرافکس اور گیم پلے کے بارے میں بحث جاری ہے۔
راک اسٹار گیمز کی اس نئی پیشکش کے بعد دنیا بھر میں گیمنگ انڈسٹری کی توجہ جی ٹی اے 6 کی فروخت، صارفین کے ردعمل اور آنے والے دنوں میں اس کی کارکردگی پر مرکوز ہوگئی ہے۔
