تکبیر نیوز (شکاگو/اسلام آباد): امریکا میں تقریباً تین دہائیوں سے مقیم 61 سالہ پاکستانی شہری ایاز احمد کو امریکی امیگریشن حکام کی جانب سے ملک بدر کیے جانے کے بعد پاکستان پہنچنے پر پراسرار حالات میں موت کا معاملہ سامنے آگیا ہے۔ اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ مختلف بیماریوں میں مبتلا ایاز احمد کو تقریباً 38 گھنٹے طویل سفر کے دوران مناسب طبی امداد فراہم نہیں کی گئی، جبکہ امریکی امیگریشن حکام نے غفلت کے الزامات مسترد کردیے ہیں۔
امریکی ٹی وی چینل اے بی سی سیون شکاگو کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ایاز احمد کو جولائی کے آخر میں امریکا سے خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستان بھیجا گیا تھا۔ وہ 30 جولائی کی رات پاکستان پہنچے، جبکہ 31 جولائی کو انہیں اسلام آباد کے اسپتال لایا گیا جہاں طبی ریکارڈ کے مطابق وہ پہلے ہی انتقال کرچکے تھے۔
ایاز احمد کے بچوں کا کہنا ہے کہ انہیں آج تک معلوم نہیں ہوسکا کہ ان کے والد کی موت کن حالات میں ہوئی اور ان کی طبی ضروریات کا مناسب خیال رکھا گیا تھا یا نہیں۔
1997 میں پاکستان سے امریکا منتقل ہوئے، تقریباً 29 سال کاروبار کیا
رپورٹ کے مطابق ایاز احمد 1997 میں اپنے بچوں کے ہمراہ پاکستان سے امریکا منتقل ہوئے تھے۔
وہ شکاگو کے نواحی علاقوں میں مقیم رہے اور تقریباً 29 سال تک مختلف چھوٹے کاروبار کرتے رہے۔
ان کے بیٹے جواد محمود اور بیٹی صالحہ سحر کے مطابق والد نے اپنے بچوں کی بہتر زندگی کیلئے مسلسل محنت کی اور ان کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں تھا۔
تاہم 3 جون 2026 کو امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ، جسے آئی سی ای کہا جاتا ہے، کے اہلکاروں نے انہیں ریاست الینوائے کے علاقے مورٹن گروو سے گرفتار کرلیا۔
حکام کے مطابق ان کے وزٹ ویزے کی مقررہ مدت ختم ہوچکی تھی اور وہ امریکا میں قانونی اجازت کے بغیر مقیم تھے۔
گرفتاری کے بعد انہیں ریاست انڈیانا کے کلیے کاؤنٹی جسٹس سینٹر میں منتقل کردیا گیا۔
شوگر سمیت متعدد بیماریاں، خاندان نے طبی دستاویزات حکام کو دیں
ایاز احمد کے اہل خانہ کے مطابق وہ ذیابیطس ٹائپ ٹو سمیت متعدد پرانی بیماریوں میں مبتلا تھے اور انہیں روزانہ دواؤں کی ضرورت پڑتی تھی۔
خاندان نے ان کی طبی حالت کے پیش نظر ملک بدری کے فیصلے کو چیلنج کرنے کے بجائے انہیں جلد از جلد پاکستان واپس بھیجنے کی درخواست کی۔
اہل خانہ نے امریکی امیگریشن حکام، متعلقہ حراستی مرکز اور شکاگو میں پاکستانی قونصل خانے سے رابطہ کیا۔
انہوں نے ایاز احمد کے معالج کا خط بھی فراہم کیا، جس میں ان کی بیماریوں اور روزانہ استعمال ہونے والی دواؤں کی تفصیلات درج تھیں۔
خاندان نے یہ پیشکش بھی کی کہ اگر حکام اجازت دیں تو وہ پاکستان واپسی کیلئے ہوائی جہاز کا ٹکٹ اپنے خرچ پر خریدنے کو تیار ہیں۔
سانس لینے میں دشواری کی شکایت، طبی تنہائی میں رکھنے کا انکشاف
ایاز احمد کی بیٹی صالحہ سحر کے مطابق ان کے والد حراست کے دوران مسلسل اپنی خراب صحت کے بارے میں بتاتے رہے۔
وہ کہتے تھے کہ انہیں سانس لینے میں دشواری ہوتی ہے اور وہ ٹھیک طرح سو بھی نہیں پاتے۔
بیٹے جواد محمود نے الزام عائد کیا کہ ان کے والد نے طبی مدد مانگی تو انہیں الگ تھلگ کردیا گیا۔
کلیے کاؤنٹی کے حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایاز احمد کو طبی تنہائی میں رکھا گیا تھا، تاہم مریض کی طبی معلومات کی رازداری کے قوانین کے باعث انہوں نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
خاندان کے وکیل ہاشم صدیقی کے مطابق انہیں یہ بھی واضح نہیں ہوسکا کہ مختلف حراستی مراکز میں منتقلی کے دوران ایاز احمد کو ان کی تجویز کردہ دوائیں باقاعدگی سے ملتی رہیں یا نہیں۔
بیٹے کو آخری فون کال، اللہ تم سب کی حفاظت کرے
جولائی کے آخری دنوں میں ایاز احمد نے اپنے بیٹے جواد محمود کو فون کرکے بتایا کہ انہیں جلد پاکستان جانے والی پرواز میں سوار کیا جاسکتا ہے۔
جواد محمود کے مطابق والد نے آخری گفتگو میں اپنے بچوں سے محبت کا اظہار کیا اور ان کی سلامتی کیلئے دعا کی۔
بیٹے کا کہنا ہے کہ اس کے بعد والد سے دوبارہ بات نہ ہوسکی۔
اہل خانہ کے مطابق ایاز احمد کا نام امریکی امیگریشن حکام کے آن لائن حراستی ریکارڈ سے بھی غائب ہوگیا تھا، جس کے باعث وہ کئی روز تک ان کے بارے میں معلومات حاصل نہ کرسکے۔
بالآخر 3 اگست کو پاکستان میں موجود رشتہ داروں نے خاندان کو ایاز احمد کی موت کی اطلاع دی۔
38 گھنٹے کی پرواز، چار مقامات پر قیام
تحقیقاتی رپورٹ میں پروازوں کی نگرانی کرنے والے ریکارڈ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ امریکی امیگریشن حکام کی چارٹرڈ گلوبل ایکس پرواز 29 جولائی کو ریاست ٹیکساس کے شہر فورٹ ورتھ سے روانہ ہوئی۔
طیارے نے پاکستان پہنچنے سے پہلے امریکی ریاست مین، آئس لینڈ، بلغاریہ اور جارجیا میں قیام کیا۔
تقریباً 38 گھنٹے کے طویل سفر کے بعد پرواز 30 جولائی کو پاکستان کے ایک فضائی اڈے پر اتری۔
اسی پرواز میں موجود دو دیگر ملک بدر کیے گئے افراد نے دعویٰ کیا کہ سفر کے دوران ایاز احمد کی طبی حالت مسلسل خراب ہوتی رہی۔
ایک عینی شاہد کے مطابق آئس لینڈ پہنچنے تک ان کی حالت اتنی خراب ہوچکی تھی کہ وہ پیشاب پر قابو نہیں رکھ سکے تھے۔
ایک دوسرے مسافر نے بتایا کہ ایاز احمد آخری مرحلے میں بات کرنے کے قابل بھی نہیں رہے تھے۔
پاکستان پہنچنے پر بے ہوش ہونے کا دعویٰ
اسی پرواز میں سفر کرنے والے ایک شخص نے بتایا کہ پاکستان پہنچنے کے بعد مسافروں کو قطار میں کھڑا کیا گیا، جہاں ایاز احمد اچانک گر کر بے ہوش ہوگئے۔
عینی شاہد نے الزام عائد کیا کہ انہیں فوری طبی امداد فراہم نہیں کی گئی اور بعد میں دیگر مسافروں کے ساتھ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے دفتر لے جایا گیا۔
تاہم اس بیان کی پاکستانی حکام کی جانب سے آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے پوسٹ مارٹم ریکارڈ کے مطابق ایاز احمد کو 31 جولائی کی صبح اسپتال لایا گیا، لیکن اس وقت وہ انتقال کرچکے تھے۔
رپورٹس کے مطابق یہ وقت پرواز کے پاکستان پہنچنے کے تقریباً 14 گھنٹے بعد کا تھا۔
ابتدائی طبی معائنے میں تشدد، حملے یا گلا دبانے کے نشانات سامنے نہیں آئے، تاہم موت کی حتمی وجہ سے متعلق سوالات ابھی باقی ہیں۔
امریکی امیگریشن حکام نے غفلت کے الزامات مسترد کردیے
امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ نے اس معاملے پر انٹرویو دینے سے انکار کیا، تاہم تحریری بیان میں کہا کہ ایاز احمد کو سفر کیلئے طبی طور پر موزوں قرار دیا گیا تھا۔
ادارے کے مطابق پرواز کے دوران کوئی طبی ہنگامی صورتحال پیش نہیں آئی، کسی مسافر میں شدید طبی پریشانی کی علامات نہیں دیکھی گئیں اور ایاز احمد کو ان کی مقررہ دوائیں فراہم کی گئی تھیں۔
آئی سی ای نے دوران حراست یا سفر غفلت کے الزامات کو بھی مسترد کردیا۔
ادارے کا مؤقف ہے کہ پاکستانی حکام کے حوالے کیے جانے کے بعد ایاز احمد امریکی تحویل میں نہیں رہے، اس لیے ان کی بعد کی طبی حالت اور موت کے حالات سے متعلق اس کے پاس معلومات نہیں ہیں۔
دوسری جانب خاندان کے وکیل ہاشم صدیقی نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا واقعی ایاز احمد کی دوائیں حراستی مرکز سے ہوائی اڈے اور پھر پرواز تک ان کے ساتھ منتقل کی گئی تھیں۔
ان کے مطابق اس معاملے میں اب بھی کئی اہم سوالات جواب طلب ہیں۔
امریکی مسلمان تنظیم کا آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ
امریکی مسلمان شہری حقوق کی تنظیم کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز کے شکاگو چیپٹر نے 10 نومبر کو ایاز احمد کی موت کی آزادانہ فوجداری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
تنظیم کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر احمد ریحاب نے کہا کہ سنگین طبی مسائل میں مبتلا ایک شخص کی طویل ملک بدری کے بعد موت امیگریشن نظام میں طبی سہولتوں اور جواب دہی سے متعلق اہم سوالات پیدا کرتی ہے۔
تنظیم نے مطالبہ کیا کہ امریکی امیگریشن حکام کے طبی انتظامات اور ایاز احمد کی زندگی کے آخری دنوں کے حالات کا غیر جانب دارانہ جائزہ لیا جائے۔
بچوں کو آج بھی والد کی موت کی وجہ معلوم نہیں
ایاز احمد کے بیٹے جواد محمود کا کہنا ہے کہ والد کی موت کے بعد خاندان کی مالی ذمہ داریاں بھی ان کے کندھوں پر آگئی ہیں۔
گھر کے قرض، کاروباری اخراجات اور دیگر بل جو پہلے ان کے والد ادا کرتے تھے، اب انہیں سنبھالنا پڑرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے والد نے امریکا میں بہتر زندگی کی تلاش میں برسوں محنت کی، لیکن صرف مستقل رہائشی اجازت نامہ نہ ہونے کی وجہ سے وہ ایسے انجام کے مستحق نہیں تھے۔
ایاز احمد کی تدفین پاکستان کے شہر کراچی میں کی گئی۔
اہل خانہ اب بھی امریکی اور پاکستانی حکام سے موت کی اصل وجہ، دوران سفر فراہم کی گئی طبی امداد اور پاکستان پہنچنے کے بعد پیش آنے والے حالات کی مکمل وضاحت چاہتے ہیں۔
