تکبیر نیوز (لندن): مشرقی لندن کے علاقے پاپلر میں 22 منزلہ رہائشی عمارت نیوٹرون ٹاور (Neutron Tower) میں لگنے والی آگ میں جاں بحق شخص کی مقامی سطح پر شناخت گرینچ کے معروف ایشین فیوژن ریسٹورنٹ Faith Kitchen کے شیف “یو” (Yu) کے طور پر کی گئی ہے۔
آتشزدگی کا واقعہ ہفتہ 12 ستمبر کی علی الصبح بلیک وال وے پر واقع ٹاور بلاک میں پیش آیا، جس کے بعد لندن فائر بریگیڈ کی جانب سے بڑے پیمانے پر امدادی کارروائی کی گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی تقریباً 70 فائر فائٹرز اور 10 فائر انجن جائے وقوعہ پر پہنچے۔
دو بالغ افراد اور ایک بچے کو ریسکیو کیا گیا
لندن فائر بریگیڈ کے مطابق آگ کے دوران تین افراد، جن میں دو بالغ اور ایک بچہ شامل تھا، کو ریسکیو کیا گیا جبکہ مزید تقریباً 50 افراد کو عمارت سے بحفاظت نکالا گیا۔
بعدازاں حکام نے تصدیق کی کہ آتشزدگی کے نتیجے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔
اب گرینچ کے ٹریفلگر روڈ پر واقع Faith Kitchen نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں اپنے شیف یو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ آگ کے دوران 17ویں منزل کے ایک فلیٹ میں جاں بحق ہوئے۔
ریسٹورنٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ انتہائی افسوس کے ساتھ وہ اپنے شیف یو کے انتقال کی خبر شیئر کر رہے ہیں۔
Faith Kitchen عارضی طور پر بند
شیف کی موت کے بعد Faith Kitchen کو عارضی طور پر غیر معینہ مدت کیلئے بند کردیا گیا ہے۔
ریسٹورنٹ انتظامیہ نے اپنے صارفین سے معذرت کرتے ہوئے اس مشکل وقت میں ان کی ہمدردی، تعاون اور سمجھ بوجھ پر شکریہ ادا کیا۔
ایک مزید بیان میں ریسٹورنٹ کے مالکان نے بتایا کہ ان کا خاندان اور بچہ محفوظ ہیں تاہم وہ اپنے شیف کی موت پر شدید صدمے میں ہیں۔
ان کے مطابق پولیس کو درکار موجودہ بیانات اور ضروری کارروائی مکمل کردی گئی ہے، لیکن ابھی کئی معاملات باقی ہیں اور انہیں بتایا گیا ہے کہ اس عمل میں تقریباً ایک سے دو ماہ لگ سکتے ہیں۔
مالکان نے مزید بتایا کہ وہ کچھ عرصے کیلئے لندن سے دوسری جگہ منتقل ہوگئے ہیں اور کاروبار کے مستقبل کے بارے میں صورتحال واضح ہونے کے بعد مزید معلومات فراہم کریں گے۔
آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں
لندن فائر بریگیڈ نے تاحال آگ لگنے کی وجہ کا تعین نہیں کیا۔
بریگیڈ کے مطابق اس کی Fire Investigation Team آتشزدگی کی وجوہات سے متعلق مختلف عوامل کا جائزہ لے رہی ہے۔
اس مرحلے پر آگ کی وجہ کے بارے میں کسی قسم کا حتمی نتیجہ اخذ نہیں کیا گیا۔
ٹاور ہیملٹس کے میئر کا اظہارِ افسوس
ٹاور ہیملٹس کے میئر لطف الرحمان نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق شخص کے خاندان اور عزیزوں سے تعزیت کی۔
انہوں نے لندن فائر بریگیڈ، پولیس، کونسلرز اور میئر آفس کی جانب سے متاثرہ رہائشیوں کی مدد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ متعلقہ ہاؤسنگ ایسوسی ایشن سے عمارت میں مؤثر فائر سیفٹی اقدامات کے حوالے سے یقین دہانی طلب کی جائے گی۔
عمارت کی مینجمنٹ کمپنی FirstPort نے بھی شخص کی موت پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان اور واقعے سے متاثر ہونے والے تمام افراد سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
رہائشی تاحال گھروں کو واپس نہ جاسکے
واقعے کے بعد عمارت خالی کرائے جانے والے رہائشی ابھی تک اپنے گھروں میں واپس نہیں جاسکے۔
آتشزدگی کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ عمارت کی مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے مرمت کا کام بھی کیا جا رہا ہے۔
