تکبیر نیوز (لاہور): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی سب سے چھوٹی بیٹی ماہ نور صفدر آج، ہفتہ 12 ستمبر کو رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے جارہی ہیں، ان کا نکاح لاہور میں شریف خاندان کی رہائش گاہ جاتی امرا میں ہونے کی اطلاعات ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ماہ نور صفدر کا نکاح معروف کاروباری و صنعتکار جبار خالد کے صاحبزادے اذان جبار کے ساتھ ہوگا۔ جبار خالد کا تعلق فلور ملنگ انڈسٹری سے بتایا جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ دونوں خاندانوں کی رضامندی سے طے پانے والا رشتہ ہے اور نکاح کی تقریب کو انتہائی سادہ اور نجی رکھا جائے گا۔
تقریب میں صرف قریبی عزیزوں اور خاندان کے افراد کو مدعو کیے جانے کی اطلاعات ہیں، جبکہ نجی تقریب میں تقریباً 100 مہمانوں کی شرکت متوقع بتائی جارہی ہے۔
تاہم شریف خاندان کی جانب سے شادی کی تفصیلات کے حوالے سے ابھی تک کوئی تفصیلی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔ اسی طرح ولیمے یا دیگر تقریبات کے بارے میں بھی کوئی مصدقہ اعلان نہیں کیا گیا۔
ماہ نور صفدر کی شادی کی خبریں ان کی حالیہ گریجویشن کے کچھ ہی عرصے بعد سامنے آئی ہیں۔ انہوں نے لندن کی SOAS یونیورسٹی سے اینتھروپولوجی میں انڈر گریجویٹ تعلیم مکمل کی، جہاں وہ 2023 سے 2026 تک زیرِ تعلیم رہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان کی گریجویشن تقریب ستمبر 2026 میں منعقد ہوئی، جس میں شرکت کیلئے مریم نواز بھی لندن گئی تھیں اور انہوں نے اپنی بیٹی کی تعلیمی کامیابی پر خوشی اور فخر کا اظہار کیا تھا۔
ماہ نور صفدر، مریم نواز شریف اور کیپٹن (ر) محمد صفدر اعوان کی سب سے چھوٹی بیٹی ہیں۔ ان کے دو بہن بھائی، بڑی بہن مہرالنسا صفدر اور بھائی جنید صفدر ہیں۔
پاکستان کے ایک نمایاں سیاسی خاندان سے تعلق رکھنے کے باوجود ماہ نور صفدر نے بڑی حد تک خود کو سیاسی اور میڈیا سرگرمیوں سے دور رکھا ہے، البتہ خاندانی شادیوں اور تقریبات میں ان کی موجودگی اور ملبوسات ماضی میں سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کرتے رہے ہیں۔
جاتی امرا میں ہونے والی اس مبینہ نجی تقریب کے باعث سوشل میڈیا پر بھی دلچسپی دیکھی جارہی ہے، تاہم تقریب کی حتمی تفصیلات کیلئے شریف خاندان کے باضابطہ اعلان کا انتظار کیا جارہا ہے۔
