(تکبیر نیوز—- برطانیہ، لنکاشائر)
برطانیہ میں ذہنی و تعلیمی مشکلات کا شکار خواتین کو نشانہ بنانے والے ایک خطرناک جنسی مجرم کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔ عدالت نے 70 سالہ شاہ نواز کو "انتہائی خطرناک جنسی شکاری” قرار دیتے ہوئے حکم دیا کہ وہ کم از کم 13 سال 362 دن جیل میں گزارنے کے بعد ہی رہائی کے لیے درخواست دے سکے گا۔
لنکاشائر پولیس کے مطابق ایکرنگٹن سے تعلق رکھنے والے شاہ نواز نے مختلف اوقات میں دو کمزور اور بے سہارا خواتین کا اعتماد حاصل کیا اور بعد ازاں انہیں اپنی ہوس کا نشانہ بنایا۔ دونوں متاثرہ خواتین ایک دوسرے کو نہیں جانتی تھیں اور مختلف مواقع پر ملزم کے ہاتھوں متاثر ہوئیں۔
عدالت کو بتایا گیا کہ متاثرہ خواتین میں سے ایک، جس کی عمر بیس سال سے زائد تھی، کو ملزم نے اپنی گاڑی میں زیادتی اور جنسی حملوں کا نشانہ بنایا۔ دوسری متاثرہ خاتون، جس کی عمر چالیس برس سے زائد تھی، پر ملزم نے اپنے گھر اور خاتون کی رہائش گاہ پر حملہ کیا۔
مقدمے کی سماعت کے دوران انکشاف ہوا کہ شاہ نواز کا جنسی جرائم کا ریکارڈ تقریباً پانچ دہائیوں پر محیط ہے۔ اسے 1982 میں زیادتی کے جرم میں قید کی سزا سنائی گئی تھی جبکہ 1988 میں بھی جنسی جرائم کے مقدمات میں سزا ہو چکی تھی۔ ان دونوں مقدمات میں متاثرین کم عمر لڑکیاں تھیں۔
پریسٹن کراؤن کورٹ میں جج رابرٹ التھم نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ شاہ نواز ایک انتہائی خطرناک اور شکار کی تلاش میں رہنے والا جنسی مجرم ہے، جس نے برسوں تک کمزور افراد کو نشانہ بنایا۔
ابتدائی طور پر ملزم نے الزامات سے انکار کیا تھا اور اس کے خلاف برنلے کراؤن کورٹ میں باقاعدہ ٹرائل شروع ہونا تھا۔ تاہم دونوں متاثرہ خواتین کی جانب سے عدالت میں بیان ریکارڈ کروانے اور جرح مکمل ہونے کے بعد شاہ نواز نے چھ الزاماتِ زیادتی، چھ جنسی حملوں اور دو سنگین جنسی حملوں کے الزامات قبول کر لیے۔
تفتیشی افسر ڈی سی ڈیوڈ رچرڈسن نے متاثرہ خواتین کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انصاف کے حصول کے لیے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہ نواز کے جرائم پانچ دہائیوں تک پھیلے ہوئے تھے اور عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا اس بات کو یقینی بنائے گی کہ وہ مستقبل میں ایکرنگٹن یا کسی اور مقام پر کمزور افراد کو نشانہ نہ بنا سکے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی شخص کسی بھی قسم کے جرم کا شکار ہوا ہے تو وہ فوری طور پر رپورٹ کرے تاکہ متاثرین کو انصاف اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
