(تکبیر نیوز—- ویلز، کارڈف) ویلز میں M4 موٹروے کے قریب واقع Cardiff Gate سروس اسٹیشن پر پیش آنے والے خوفناک حادثے میں ایک 8 سالہ بچے سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے۔
حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 11 بج کر 45 منٹ پر جنکشن 30 کے قریب پیش آیا جہاں ایک سیاہ رنگ کی BMW گاڑی پہلے پیدل افراد سے ٹکرائی اور پھر سروس اسٹیشن کی عمارت میں جا گھسی۔
South Wales Police کے مطابق زخمیوں میں ایک 8 سالہ بچہ، 39 سالہ مرد اور 76 سالہ خاتون شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 76 سالہ خاتون گاڑی چلا رہی تھیں جبکہ زخمی ہونے والے بچہ اور مرد پیدل چلنے والے افراد تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق گاڑی نے پہلے باہر بیٹھے لوگوں کو ٹکر ماری اور پھر تیز رفتاری سے عمارت میں داخل ہو گئی۔
ایک گواہ نے بتایا کہ غالب امکان ہے ڈرائیور کو اچانک طبی ایمرجنسی پیش آئی ہو کیونکہ گاڑی غیر معمولی رفتار سے عمارت میں داخل ہوئی۔
حکام کے مطابق خوش قسمتی سے کسی کی حالت تشویشناک نہیں جبکہ تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔
