(تکبیر نیوز—- برطانیہ، تمورتھ) برطانیہ کے علاقے تمورتھ میں پولیس نے گاڑی کے ڈیش بورڈ میں چھپائی گئی منشیات برآمد ہونے پر ایک شخص کو گرفتار کر کے عدالت سے تین سال قید کی سزا دلوادی۔
33 سالہ آرمینڈ سولا، جو لیسٹر شائر کے علاقے کول وِل کا رہائشی ہے، کو اسٹافورڈ کراؤن کورٹ نے سزا سنائی۔
اسٹافورڈ شائر پولیس کے مطابق مارچ میں گلاسکوٹ کے علاقے میں ایک ووکس ہال کورسا گاڑی کو روکا گیا تھا۔
تلاشی کے دوران گاڑی کے ڈیش بورڈ میں چھپایا گیا ایک موزہ ملا جس میں کوکین کی 32 پڑیاں موجود تھیں۔
بعد ازاں ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے 700 پاؤنڈ سے زائد نقد رقم بھی برآمد ہوئی۔
عدالت میں ملزم نے کلاس اے منشیات خصوصاً کوکین فروخت کرنے کے ارادے سے رکھنے اور مجرمانہ رقم رکھنے کے دو الزامات قبول کر لیے۔
عدالت نے ملزم کو تین سال قید کی سزا سناتے ہوئے منشیات اور نقد رقم بھی ضبط کرنے کا حکم دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات کی غیر قانونی سپلائی روکنے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی اور جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
