(تکبیر نیوز—- برطانیہ، برمنگھم) برمنگھم کے علاقے ہاکلے میں ایک نوجوان ماں نے اپنے گھر کو “مسلسل ڈراؤنا خواب” قرار دیتے ہوئے چوہوں کی بھرمار پر شدید پریشانی کا اظہار کیا ہے۔
20 سالہ کلوئی ایڈمز گزشتہ ایک سال سے ساؤتھ روڈ پر واقع گھر میں اپنی دو سالہ بیٹی کے ساتھ رہ رہی ہیں، جہاں مبینہ طور پر چوہوں نے زندگی مشکل بنا دی ہے۔
خاتون کے مطابق چوہوں نے واشنگ مشین اور اوون کی وائرنگ تک چبا ڈالی جس کے باعث وہ ضروری گھریلو سامان استعمال نہیں کر پا رہیں۔
کلوئی ایڈمز نے بتایا کہ “یہ ایک مسلسل ڈراؤنا خواب ہے، ایک دن میں صرف بستر پر بیٹھ کر روتی رہی۔”
انہوں نے دعویٰ کیا کہ باورچی خانے کی الماریوں کے پیچھے ایک بڑا سوراخ موجود ہے جہاں سے چوہے اندر آتے ہیں۔
خاتون کے مطابق اب وہ کپڑے باتھ ٹب میں دھونے پر مجبور ہیں جبکہ لانڈری اپنے دادا کے گھر لے جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیسٹ کنٹرول ٹیم نے جال اور زہر رکھا لیکن مسئلہ اب بھی برقرار ہے اور کیمروں میں آج بھی چوہے نظر آتے ہیں۔
کلوئی ایڈمز نے صورتحال کو “زندگی کا سب سے خوفناک تجربہ” قرار دیا۔
دوسری جانب ہاؤسنگ ایسوسی ایشن “مڈلینڈ ہارٹ” نے کہا ہے کہ وہ گزشتہ موسمِ گرما سے خاتون اور ماہر پیسٹ کنٹرول ٹیم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔
ادارے کے مطابق حالیہ معائنے میں نئی انفیسٹیشن کے شواہد نہیں ملے تاہم آنے والے دنوں میں دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔
