تکبیر نیوز، برمنگھم: ویسٹ مڈلینڈز پولیس نے مختلف سنگین مقدمات میں مطلوب چار افراد کی نئی فہرست جاری کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر یہ افراد کہیں نظر آئیں تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جائے۔
پولیس کے مطابق 49 سالہ مارک پٹاک قتل کی دھمکیاں دینے کے مقدمے میں سزا کے بعد اپنی نگرانی کی شرائط پر عمل نہ کرنے کے باعث مطلوب ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کی تلاش جاری ہے اور اس کے بارے میں معلومات رکھنے والے افراد فوری رابطہ کریں۔
اسی طرح 44 سالہ ڈینیل ہکن باٹم والسال کے علاقے میں نقب زنی کے ایک مقدمے میں مطلوب ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں اور عوامی تعاون انتہائی اہم ہے۔
پولیس کی فہرست میں شامل ایک اور ملزم 46 سالہ ایڈم کک ہے جو سینڈویل کے علاقے میں املاک کو نقصان پہنچانے کے مقدمے میں مطلوب قرار دیا گیا ہے۔ حکام نے اس کی گرفتاری کیلئے بھی عوام سے مدد طلب کی ہے۔
چوتھا مطلوب شخص 42 سالہ عمار اقبال ہے جو ایک گاڑی سے چوری کے مقدمے میں پولیس کو مطلوب ہے۔ ویسٹ مڈلینڈز پولیس نے اس کی تصویر بھی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی شخص اسے دیکھے تو فوری طور پر اطلاع دی جائے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مطلوب افراد کی فہرست کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے۔ بعض ملزمان جلد گرفتار ہو جاتے ہیں جبکہ کچھ افراد طویل عرصے تک مفرور رہتے ہیں۔ حکام نے زور دیا ہے کہ عوام کی بروقت معلومات جرائم پیشہ افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
ویسٹ مڈلینڈز پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مطلوب افراد کو خود پکڑنے یا ان کا سامنا کرنے کی کوشش نہ کریں بلکہ فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں تاکہ محفوظ طریقے سے کارروائی کی جا سکے۔
