(تکبیر نیوز—- برطانیہ، برمنگھم)
برطانیہ کی معروف چاکلیٹ کمپنی کیڈبری نے آئس کریم کونز میں استعمال ہونے والی مشہور "99 فلیک” چاکلیٹ کے معیار سے متعلق موصول ہونے والی شکایات کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں متعدد آئس کریم وین مالکان اور فروخت کنندگان نے شکایت کی ہے کہ حالیہ ہفتوں میں ملنے والی فلیک چاکلیٹ پر سفید رنگ کی تہہ یا دھبے نمودار ہو رہے ہیں، جس کی وجہ سے مصنوعات کی ظاہری شکل متاثر ہو رہی ہے اور صارفین انہیں خریدنے میں دلچسپی نہیں دکھا رہے۔
فروخت کنندگان کا کہنا ہے کہ موسم گرما کی آمد کے ساتھ 99 فلیک کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے، لیکن موجودہ صورتحال میں خراب دکھائی دینے والی چاکلیٹ فروخت کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ بعض تاجروں کے مطابق صارفین خاص طور پر کیڈبری فلیک کا مطالبہ کرتے ہیں اور اس کی جگہ کسی اور برانڈ کا استعمال آسان نہیں۔
اطلاعات کے مطابق مسئلے کی ایک ممکنہ وجہ حالیہ گرمی کی لہر کے دوران تھوک فروشوں کی جانب سے چاکلیٹ کو مناسب درجہ حرارت پر محفوظ نہ رکھنا ہو سکتی ہے، جس سے مصنوعات کے رنگ اور ساخت پر اثر پڑا۔
کیڈبری کی مالک کمپنی نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ صارفین اور کاروباری افراد کو وہی معیار فراہم کیا جا سکے جس کی توقع کیڈبری سے کی جاتی ہے۔
کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ "ہم اس معاملے کا مکمل جائزہ لے رہے ہیں تاکہ اس بات کا تعین کیا جا سکے کہ کیا ہوا اور کس طرح اس مسئلے کو حل کیا جا سکتا ہے۔”
اس خبر کے ساتھ 99 فلیک کے نام کی دلچسپ تاریخ بھی ایک بار پھر موضوع بحث بن گئی ہے۔ بہت سے لوگ سمجھتے ہیں کہ "99” کا تعلق آئس کریم کی قیمت سے ہے، تاہم کیڈبری کے مطابق اس نام کی اصل وجہ تاریخ میں کہیں گم ہو چکی ہے۔
ایک مشہور روایت کے مطابق یہ نام اٹلی کی سابق شاہی گارڈ سے متاثر ہو کر رکھا گیا تھا، جس میں 99 منتخب سپاہی شامل ہوتے تھے اور اس زمانے میں کسی خاص یا اعلیٰ معیار کی چیز کو "99” کہا جاتا تھا۔
یہ پہلا موقع نہیں جب فلیک چاکلیٹ خبروں کی زینت بنی ہو۔ گزشتہ برس بھی برطانیہ اور آئرلینڈ میں سپلائی چین کے مسائل اور طلب میں اضافے کے باعث 99 فلیک کی قلت کی شکایات سامنے آئی تھیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ صورتحال کو بہتر بنانے اور صارفین کی توقعات کے مطابق معیار برقرار رکھنے کے لیے کام جاری رکھے ہوئے ہے۔
