گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ضلع اٹک کے علاقے ڈھرنال اڈہ میں بڑے فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ عوامی فلاحی منصوبوں میں مخیر حضرات کا تعاون قابلِ ستائش ہے اور خدمتِ انسانیت ایک عظیم عملِ صالح ہے۔
گورنر پنجاب نے بتایا کہ مخیر دوستوں کے تعاون سے ضلع اٹک میں عوام دوست منصوبوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ ان منصوبوں میں مستحق بچیوں کی شادیاں، میٹرک اور انٹر کے طلبہ میں لیپ ٹاپ کی تقسیم، فری ڈائلسز اور بلڈ بینک کا قیام شامل ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب کسی مستحق گھرانے کی بیٹی جہیز یا وسائل کی کمی کے باعث شادی سے محروم نہیں رہے گی اور شادی کے اخراجات ریاستی و فلاحی تعاون سے اٹھائے جائیں گے۔

Attock filtration plant inauguration
فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب پر تاجر راہنما چوہدری شبیر نور کی خدمات کو سراہتے ہوئے گورنر پنجاب نے ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنما ملک شیر خان اور ملک امانت راول نے بھی گورنر پنجاب کی عوامی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ فلاحی کاموں کے جال بچھا کر گورنر پنجاب نے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔
آخر میں چوہدری شبیر نور نے بھی گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں عوام کی خدمت کا موقع فراہم کیا گیا، جس پر وہ شکر گزار ہیں۔
