گزشتہ روز آنے والا طوفان یُونیس یورپ میں تباہی مچا رہا ہے۔ طوفان کے باعث اب تک 13 افراد زندگیوں سے جبکہ لاکھوں گھر بجلی سے محروم ہوچکے ہیں۔
برطانیہ میں ہنگامی خدمات کا عملہ گھروں کی بجلی بحال کرنے کی کوشش میں مصروف عمل ہے۔ طوفان یُونیس نے مغربی یورپ میں ٹرانسپورٹ کا نظام بھی درہم برہم کر دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہنگامی خدمات نے آج بتایا ہے کہ برطانیہ، آئرلینڈ، نیدرلینڈز، بیلجیئم، جرمنی اور پولینڈ میں درخت گرنے، اُڑتے ملبے اور تیز ہواؤں کے جھکڑ چلنے سے کم از کم 13 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
برطانیہ میں ٹرین آپریٹرز نے عوام سے سفر نہ کرنے کی درخواست کی ہے کیونکہ اب بھی کئی ریلوے لائنوں پر درخت گرے ہوئے ہیں۔
نیدرلینڈز میں بھی ریلوے کا نیٹ ورک مفلوج ہو چکا ہے جبکہ بجلی کی لائنز کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے برطانیہ اور فرانس کے درمیان چلنے والی یورو اسٹار اور تھیلیس انٹرنیشنل سروسز بھی بند ہیں۔
فرانس میں بھی ریل سروس تعطل کا شکار ہے جبکہ 37 ہزار گھروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ آئرلینڈ میں تقریباً 8 ہزار اور پولینڈ میں ایک لاکھ 94 ہزار گھر بجلی سے محروم ہیں۔
برطانوی خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق جمعہ کو آنے والے طوفان یُونیس سے برطانیہ میں 10 لاکھ سے زائد گھر گرڈ سے باہر ہوئے تھے جبکہ ہفتے کی صبح تک دو لاکھ سے زائد گھر بجلی سے محروم ہیں۔
برطانیہ کی انرجی نیٹ ورکس ایسوسی ایشن نے کہا کہ اس کے اہلکاروں نے 12 لاکھ صارفین کی بجلی بحال کر دی ہے لیکن تقریباً دو لاکھ 26 ہزار صارفین تاحال بجلی سے محروم ہیں۔ متاثرہ گھروں کی زیادہ تعداد مشرقی اور جنوبی انگلینڈ کے علاوہ جنوبی ویلز میں ہے۔
طوفان کے باعث لندن کے ہیتھرو اور گیٹوک ایئر پورٹس اور ایمسٹرڈیم کے شیفول ایئر پورٹ پر سینکڑوں پروازیں بھی منسوخی یا تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔