لندن (تکبیر نیوز یو کے) — ویلز کے علاقے اسٹ میلونز، کارڈف میں مارچ 2023 میں پیش آنے والے ایک المناک حادثے کے بعد، تین نوجوانوں کی ہلاکت کے معاملے پر چھ پولیس افسران کو بدانتظامی کے الزامات کا سامنا ہے۔ حادثے میں 21 سالہ ایو سمتھ، 21 سالہ ڈارسی روس اور 24 سالہ رافیل جینے جاں بحق ہوئے جبکہ دو دیگر نوجوان شدید زخمی ہوئے۔
اطلاعات کے مطابق، مذکورہ نوجوان 4 مارچ کو لاپتہ ہوئے تھے لیکن پولیس کو اطلاع ملنے کے باوجود ان کی تلاش بروقت شروع نہیں کی گئی۔ تقریباً 46 گھنٹے بعد ایک ویران علاقے سے ان کی کار تباہ شدہ حالت میں ملی جس میں تینوں کی لاشیں موجود تھیں۔
تفتیشی ادارے "انڈیپنڈنٹ آفس فار پولیس کنڈکٹ” (IOPC) نے تحقیقات کے دوران انکشاف کیا کہ پولیس افسران نے گمشدگی کی رپورٹ پر مناسب ردعمل نہیں دیا، گھروں کی تلاشی نہیں لی گئی اور کئی اہم معلومات وقت پر شیئر نہیں کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق، ایک پولیس سارجنٹ پر “سنگین بدانتظامی” (Gross Misconduct) کا الزام عائد کیا گیا ہے کیونکہ وہ اس انکوائری کے نگران تھے۔ دیگر افسران پر بھی لاپروائی، معلومات چھپانے اور غلط بیانات دینے کے الزامات شامل ہیں۔
متاثرہ فورس "گونٹ پولیس” (Gwent Police) نے اعتراف کیا ہے کہ واقعے میں سنگین غلطیاں ہوئیں۔ ترجمان کے مطابق، فورس اس تادیبی کارروائی میں مکمل تعاون کر رہی ہے اور مستقبل میں عوامی اعتماد بحال کرنے کے لیے احتسابی نظام کو مضبوط بنانے کا عزم رکھتی ہے۔
