وزارت صحت نے متحدہ عرب امارات میں منکی پاکس کے تین نئے کیسز کی تصدیق کی ہے۔ ایک بیان میں وزارت صحت نے کہا ہے کہ Monkeypox ایک وائرل بیماری ہے تاہم کرونا کے مقابلے میں یہ عام طور پر محدود ہے ۔ یہ زیادہ تر انسانوں میں کسی متاثرہ شخص یا جانور کے ساتھ قریبی رابطے کے ذریعے منتقل ہوتی ہے۔ یہ رحم میں موجود بچے کو بھی منتقل ہوسکتی ہے ۔ وزارت صحت نے معاشرے کے تمام افراد پر زور دیا ہےکہ وہ سفر کے دوران مناسب احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور بڑے ہجوم میں محفوظ رہیں اور خطرناک رویوں سے گریز کریں۔ وزارت صحت نے عوام کو یقین دلایا ہےکہ متحدہ عرب امارات کے صحت کے حکام تفتیش، رابطوں کی جانچ اور ان کی صحت کی نگرانی سمیت تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں ۔ وزارت نے تصدیق کی ہےکہ وہ وبائی امراض کی نگرانی کے نظام کو نافذ کرنے میں اعلیٰ ترین عالمی طریقوں کے مطابق پائیدار کارکردگی اور معاشرے کے تحفظ کو یقینی بنانے اور تیزی سے پتہ لگانے کے ساتھ ساتھ وبائی امراض کو محدود کرنے کے لیے کام کرنے کے لیے دیگر صحت کے حکام کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے صحت کے ادارے منکی پاکس سے متاثرہ افراد اور ان کے رابطوں سے نمٹنے کے لیے ایک متحد قومی طبی گائیڈ کے لیے پرعزم ہیں۔ اس میں متاثرہ افراد کے صحت یاب ہونے تک ہسپتالوں میں مکمل طور پر الگ تھلگ رکھنااور قریبی رابطوں کو کم مدت کے لیے قرنطینہ میں رکھنا شامل ہے۔ وزارت نے متحدہ عرب امارات میں سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کرنے اور افواہوں اور غلط معلومات کو پھیلانے سے گریز کرنے پر زور دیا ہے۔ وزارت نے متحدہ عرب امارات کے صحت کے حکام کی جانب سے جاری کردہ متعلقہ ہدایات اور رہنما خطوط پر عمل درآمد کرنےکی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔