آئل ریفائنری سمیت پاکستان میں معاہدوں کا اختیار وزراءکو تفویض

22

ریاض۔۔۔۔ سعودی کابینہ کا اجلاس منگل کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ریاض کے قصر یمامہ میں منعقد ہوا۔کابینہ نے تجدد پذیر توانائی کے منصوبوں کوجدید خطوط پر استوار کرنے ، آئل ریفائنری، پیٹرو کیمیکل اور معدنیات کے شعبے میں پاکستان کیساتھ مفاہمتی یادداشتوں کا اختیار وزیر توانائی و صنعت و معدنیا ت کو تفویض کردیا۔ اس کے بموجب خالد الفالح پاکستان کیساتھ مذکورہ شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں کے لئے جاری مذاکرات کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ کابینہ نے عجائب گھروں اور آثار قدیمہ کے امور کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا اختیار سعودی محکمہ سیاحت و قومی ورثے کے سربراہ کو تفویض کیا۔ کابینہ نے منگل کے اجلاس میں 17 فیصلے کئے۔ سعودی وزیر اطلاعات و نشریات ترکی الشبانہ نے اجلاس کے بعد انکی تفصیلات سعودی پریس ایجنسی کو بتاتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے سعودی ،ہندوستانی اعلیٰ رابطہ کونسل کے قیام کے معاہدے پر دستخط کا اختیار ولی عہد ، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کو تفویض کیا۔ کابینہ نے اعلیٰ رابطہ کونسل کے انتظامی ڈھانچے کی منظوری کا اختیار بھی انہی کو سپرد کردیا۔ ولی عہد ہی مذکورہ کونسل میں سعودی فریق کے سربراہ ہیں۔ کابینہ نے ہندوستانی نشریاتی ادارے اور سعودی ٹی وی اتھارٹی کے درمیان ریڈیو ٹی وی نشریات کے شعبوں میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا اختیار وزیر اطلاعات کے حوالے کیا۔کابینہ نے نیشنل انویسٹمنٹ فنڈ اور ہندوستان کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے حکومت ہند کیساتھ مفاہمتی یادداشت کیلئے مذاکرات کرکے اس پر دستخط کا اختیار وزیر توانائی و صنعت کے سپرد کیا۔کابینہ نے سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور ایک دوسرے کے یہاں سرمایہ کاری کے تحفظ کے معاہدے کے لئے سعودی وزیر تجارت و سرمایہ کاری اور سیاحت کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت محکمہ سیاحت و قومی آثار کے سربراہ کو اختیار عطا کیا گیا۔ کابینہ نے چین کیساتھ اعلیٰ سطحی مشترکہ کمیشن ، کوریا کیساتھ میڈیکل انشورنس ، مالیاتی اداروں کی نگرانی، چین کیساتھ رکاوٹوں سے آزاد تجارت اور چینی زبان کے اساتذہ فراہم کرنے اور انڈونیشیا کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کمیونیکیشن کے معاہدوں کے اختیارات بھی تفویض کئے گئے۔ اجلاس کے آغازمیں شاہ سلمان نے البانیہ کے وزیراعظم کے ساتھ اپنے مذاکرات کے نتائج سے کابینہ کو آگا ہ کیا جبکہ کابینہ نے مسجد الحرام کی تیسری سعودی توسیع کے منصوبے سے آگاہی کے لئے ولی عہد کے دورہ مکہ اور مشاعر مقدسہ اور مقامات حج کے لئے خادم حرمین شریفین اور انکے ولی عہد کی گہری دلچسپی پر دونوں کیلئے قدرو منزلت کا اظہار کیا۔

 

مزید پڑھیں:  طویل اور مختصر ترین روزہ کن ممالک میں ہوگا؟

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.