یو اے ای کے محکمہ ثقافت اور سیاحت نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال اکتوبر میں امریکہ کے مشہور کھیل باسکٹ بال کے میچز کا یو اے ای میں انعقاد ہو گا۔
امریکہ کی نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن (این بی اے) نے بھی میچز کے انعقاد کی تصدیق کر دی ہے۔
اعلانیے کے مطابق 2021 کی این بی اے چمپئین ملواکی بکس اور اٹلانٹا ہاکس کے مابین ایک تاریخی میچ عربین گلف میں کھیلا جائے گا۔
یو اے ای کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ تاریخی تاریخ ساز باسکٹ بال گیمز جمعرات، 6 اکتوبر اور ہفتہ، اکتوبر 8، 2022 کو ابوظہبی کے یاس آئی لینڈ کے اتحاد ایرینا میں منعقد ہونے والے ہیں۔
عرب خطے میں باسکٹ بال کے افتتاحی میچز کے لیے ستاروں کے ناموں سے بھری فرنچائزز کا انتخاب کیا گیا ہے۔
دبئی کے ورلڈ ٹریڈ سنٹر میں عربین ٹریول مارکیٹ میں نقاب کشائی کے دوران این بی اے یورپ اور مشرق وسطیٰ کے منیجنگ ڈائریکٹر رالف رویرا نے کہا کہ ہمارے پاس دو بہترین ٹیمیں ہیں۔
رالف نے کہا باسکٹ بال دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کا زبردست کھیل ہے، اور اس کھیل کی مقبولیت امریکہ سے عرب کے صحرا میں بھی جا پہنچی ہے۔
رالف کا کہنا تھا کہ باسکٹ بال میں بہت زیادہ تفریح ہے جو کسی بھی شخص کو دیکھنے پر مجبور کر سکتی ہے۔
رالف کے مطابق یہ بچوں کے لیے بھی ایک بہترین تجربہ ہے۔ پھر وہ سب کچھ ہے جو میدان سے باہر ہفتے کے دوران ابوظہبی میں ہو گا۔