کراچی: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام مہنگائی سے پریشان ہیں جب کہ سعودی عرب پاکستان سے ناراض ہے۔
کراچی پریس کلب میں خطاب کرتے ہوئے امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جمہوریت اکثریت کے فیصلے کو تسلیم کرنے کا نام ہے، ہم جمہوری اصول اور اقدار کی بنیاد پر بات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے بجلی کے بل اور بچوں کے فیس جمع کرانا مشکل ہوگیا ہے، عالمی مالیاتی اداروں کے دباؤ کا تسلسل برقرار ہے، اتحادی حکومت تمام فیصلے مشاورت سے کررہی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ گزشتہ پونے چار سال میں ملکی ترقی کا سفر متاثر ہوا، گزشتہ ادوار میں ملکی ترقی میں رکاوٹیں پیدا کی گئیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پسماندہ ملک سے ترقی پذیر ملک تک کا سفر انتہائی مشکل ہوتا ہے، پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کیلئے سخت محنت کی ضرورت ہے۔