(تکبیر نیوز—- پاکستان، کراچی) کراچی میں عید منانے کیلئے امریکا سے آنے والا ایک شخص پراسرار طور پر لاپتا ہوگیا، جس کے بعد پولیس نے اغوا کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
شاہ فیصل کالونی تھانے میں درج مقدمے کے مطابق لاپتا ہونے والے 36 سالہ زید منیر امریکا سے اپنے بہنوئی سید مسند علی کے ہمراہ کراچی آئے تھے اور عید کی تعطیلات اپنے رشتہ داروں کے ساتھ گزار رہے تھے۔
مقدمے کے مدعی معیز علی نے پولیس کو بتایا کہ زید منیر 25 مئی کی رات تقریباً ایک بج کر 24 منٹ پر گھر سے نکلے تھے، تاہم اس کے بعد وہ واپس نہیں آئے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق اگلی صبح سید مسند علی کی اہلیہ کو امریکا کے ایک واٹس ایپ نمبر سے پیغام موصول ہوا جس میں بتایا گیا کہ زید منیر اسلام آباد جا رہے ہیں، تاہم اس کے بعد ان کا موبائل فون مسلسل بند آ رہا ہے۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے طور پر زید منیر کی تلاش کی اور مختلف ذرائع سے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی، لیکن ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
درخواست گزار نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ زید منیر کو نامعلوم افراد نے اغوا کیا ہے، جس پر پولیس نے تعزیرات پاکستان کی دفعہ 365 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق کیس کو مزید تحقیقات کیلئے تفتیشی شعبے کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب اہل خانہ نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ زید منیر کو جلد از جلد اور بحفاظت بازیاب کرایا جائے۔
