(تکبیر نیوز—- پاکستان، کراچی) کراچی میں عید قرباں کے موقع پر آلائشیں ٹھکانے لگانے کیلئے 99 کلیکشن پوائنٹس قائم کر دیے گئے ہیں۔
ایم ڈی Sindh Solid Waste Management Board طارق نظامانی کے مطابق ضلع کیماڑی میں 11، کورنگی میں 20 اور ملیر میں 9 کلیکشن پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع شرقی میں 15 جبکہ ضلع وسطی میں 18 کلیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔
طارق نظامانی کے مطابق ضلع جنوبی میں 14 اور ضلع غربی میں 12 کلیکشن پوائنٹس بنائے گئے ہیں تاکہ شہری آسانی سے قربانی کی آلائشیں مقررہ مقامات پر جمع کرا سکیں۔
ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے مزید بتایا کہ جی ٹی ایس شرافی گوٹھ، جام چاکرو اور گوند پاس کے مقامات پر 9 خندقیں بھی کھودی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آلائشیں اٹھانے کے بعد صفائی کیلئے چونے کا چھڑکاؤ اور عرق گلاب کا اسپرے بھی کیا جائے گا تاکہ بدبو اور آلودگی سے بچا جا سکے۔
طارق نظامانی کے مطابق سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا شکایتی مرکز 1128 عید کے دنوں میں چوبیس گھنٹے فعال رہے گا۔
