سعید غنی نے کہا ہے کہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کراچی کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئے گی۔
صوبائی وزیر و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کا اہم اجلاس ہوا جس میں آنے والے بلدیاتی انتخابات، حلقہ این اے 240 لانڈھی کورنگی میں ہونے والے ضمنی انتخابات سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ کورنگی کے صدر جاوید شیخ نے این اے 240 کے انتخابات کے حوالے سے کی جانے والی تیاریوں سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ کراچی کے تمام اضلاع میں یونین کونسل اور وارڈز کی سطح پر بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مہم کو تیز کیا جائے، آنے والے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کراچی کی سب سے بڑی پارٹی بن کر سامنے آئے گی۔
صوبائی وزیر و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے مزید کہا کہ ہم نے اس شہر کو نہ صرف اوون کیا ہے بلکہ ہم نے اس شہر میں تاریخی ترقیاتی کام کروائے ہیں اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔
اجلاس میں وزیر اعلٰی سندھ کے معاون خصوصی و جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی سندھ وقار مہدی، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، نجمی عالم، سردار خان، محمد آصف خان، تمام اضلاع کے صدور، جنرل سیکٹریری و انفارمیشن سیکرٹریز، پیپلز یوتھ کے صدر، پیپلز لیڈیز ونگ، لیبر ونگ و دیگر ذیلی تنظیموں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔