چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ خالد خورشید گلگت بلتستان کا کپتان ہے۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی سابق گورنر راجہ جلال حسین مقپون، سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی سید امجد زیدی، صوبائی وزراء و ممبران اسمبلی کے ہمراہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ انشاء اللہ وفاق میں دوبارہ پی ٹی آئی کی حکومت قائم ہونے والی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان وفاق کی خصوصی توجہ کا حقدار ہے، گلگت بلتستان کی جامع ترقی کا جو سفر ہم نے شروع کیا تھااسے ہر صورت پائہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت نے گلگت بلتستان کے بجٹ میں کٹوتیاں کی ہیں انہیں نہ صرف بحال کرینگے بلکہ اس میں کئی گنا اضافہ کرینگے۔
چئیرمین پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ خالد خورشید پر اپنے بھرپور اعتماد اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خالد خورشید گلگت بلتستان کا کپتان ہے اور وہاں کی فیصلہ سازی میں مکمل طور پر بااختیار ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے تمام وزراء، اسمبلی ممبران و پارٹی کارکنان کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ وزیراعلی خالد خورشید کی قیادت میں اتفاق و اتحاد کے ساتھ گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت کے لئے دن رات محنت کریں اور ڈسلپن پر سختی سے عملدرآمد کریں۔