پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فاتح شاہد آفریدی نے ورلڈ کپ 2022 سے قبل قومی ٹیم کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔شاہد آفریدی نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کا اسکواڈ آسٹریلوی حالات میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے تمام ضروری صلاحیتیں رکھتا ہے۔مقامی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جو ٹیم 2022 کے ورلڈ کپ کے لیے آسٹریلیا میں جائے گی اس کے پاس تمام مطلوبہ مہارتیں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کا بولنگ اٹیگ مضبوط ہے اور ٹیم میں آل راؤنڈرز کے ساتھ ساتھ ایسے کھلاڑی بھی موجود ہیں جو اٹیکنگ کرکٹ کھیل سکیں۔ان کا کہنا تھا آسٹریلیا میں پچز بھی اچھی ہیں جس کی وجہ سے مجھے امید ہے کہ یہ ٹیم اچھا نتیجہ دے گی جبکہ انہوں نے ورلڈ کپ جیسے بین الاقوامی ٹورنامنٹس کے دوران ٹیم مینجمنٹ کے کردار کی اہمیت پر بھی زور دیا ہے۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2009 میں پاکستان کی کامیابی پر وضاحت پیش کرتے ہوئے انہوں نے سینئر کھلاڑیوں کی اہمیت اور کپتان کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ سینئرز اور کپتان نے اس بات کو یقینی بنانے میں بہت اہم کردار ادا کیا تھا کہ ٹیم سخت شروعات کے باوجود بھی حوصلہ مند رہے اور ہم سب نے مل کر یونس خان کو سپورٹ کیا جو اس وقت ٹیم کی قیادت کر رہے تھے۔