مقامی میڈٰیا چینل سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر محمد عامر کا کہنا تھا کہ انہوں نے روہت شرما کے ریمارکس کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔محمد عامر نے کہا کہ میں روہت شرما کے بیان کو سنجیدگی سے نہیں لیتا، ہر کسی کی اپنی رائے ہے اور یہ ناممکن ہے کہ ہر کوئی مجھے عالمی معیار کا بولر سمجھے۔واضح رہے کہ روہت شرما نے 2016 کے ایشیا کپ میں محمد عامر کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ عامر کو عالمی معیار کا بولر بننے کے لیے اب بھی مزید پرفارم کرنے کی ضرورت ہے۔محمد عامر کا ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف اسپیل سب سے مشہور اسپیل رہا ہے، انہوں نے 18 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا جس میں روہت شرما بھی شامل تھے جبکہ انہوں نے سریش رائنا اور انجکیا رہانے کو بھی آؤٹ کیا تھا۔محمد عامر نے روہت شرما کے بیان پر سمجھداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے تبصروں کو ذاتی طور پر نہیں لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اس میں برا محسوس کرنے کی کوئی بات نہیں اور ایک پیشہ ور کے طور پر ایسی باتوں کو منفی انداز میں نہیں لینا چاہیے کیونکہ آپ سب کے پسندیدہ نہیں ہوسکتے۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ محمد عامر نے 2017 کی چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں بھی بھارت کے خلاف ٖغیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔انہوں نے روہت شرما کو صفر پر آؤٹ کرتے ہوئے شیکھر دھون اور ویرات کوہلی کو بھی پویلین کی راہ دکھائی تھی جس نے پاکستان کو فتح دلانے میں خاصی مدد کی تھی۔ان کے خلاف بیان کے باوجود محمد عامر اپنی رائے برقرار رکھتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہ روہت شرما کا احترام کرتے ہیں اور انہیں عالمی معیار کا بلے باز سمجھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ ایک عالمی معیار کے بلے باز ہیں، میں نے جب بھی روہت شرما کا سامنا کیا تو میں نے اچھی بولنگ کی جبکہ انہیں میرا سامنے کرنے کے لیے جدوجہد کرنا پڑی پھر بھی میں انہیں عالمی معیار کا کھلاڑی کہوں گا۔