ون ڈے رینکنگ: پاکستان نے بھارت کے بعد آسٹریلیا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

41

پاکستان ٹیم نے گزشتہ ایک دو سال کے عرصے میں مسلسل بہترین کارکردگی سے ون ڈے رینکنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم گزشتہ ہفتے ویسٹ انڈیز کو تین میچز کی سیریز میں کلین سویپ کرکے پانچویں سے چوتھی پوزیشن پر آئی تھی اور اب سری لنکا کے ہاتھوں آسٹریلیا کی شکست سےتیسری پوزیشن پر پہنچ گئی۔ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے آغاز سے قبل پاکستان 102 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر تھا تاہم 0-3 سے کلین سویپ سے پاکستان کے ریٹنگ پوائنٹس 106 ہوگئے تھے۔سری لنکا سے شکست کے بعد آسٹریلوی ٹیم کے ریٹنگ پوائنٹس 105 ہوگئے ہیں اور وہ چوتھی پوزیشن پر چلی گئی ہے۔بھارت بھی اتنے ہی ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔ون ڈے رینکنگ میں نیوزی لینڈ کی پہلی اور انگلینڈ کی دوسری پوزیشن ہے تاہم نیدرلینڈز کے خلاف آج سے شروع ہونے والی تین ایک روزہ میچز کی سیریز میں 1-2 کی کامیابی بھی انگلینڈ کو پہلی پوزیشن پر پہنچادے گی۔ون ڈے رینکنگ میں نیوزی لینڈ پہلی، انگلینڈ دوسری، پاکستان تیسری، آسٹریلیا چوتھی ، بھارت پانچویں، جنوبی افریقہ چھٹی، بنگلادیش ساتویں، سری لنکا آٹھویں، ویسٹ انڈیز نویں اور افغانستان دسویں پوزیشن پر موجود ہے۔

مزید پڑھیں:  عمران خان اسمبلیاں توڑدیں تو ہم ضمنی الیکشن کروادیں گے، وزیرداخلہ
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.