اور پھر یوں ہوا کہ بادل کھل کر برس پڑے

مون سون اسپیل کی پہلی انٹری 22 جون سے ہوگی

26

پنجاب میں مون سون نے رت بدل دی، بارشوں کی جھڑی سے موسم سہانا ہو گیا۔ لاہور میں ابر کرم برسا، ٹھنڈی ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو اور حسین بنا دیا، گرمی کی شدت بھی کم ہوگئی۔لاہور، اسلام آباد، راول پنڈی، اٹک، میانیوالی، جھنگ، قائد آباد سمیت مختلف شہروں میں جمعرات کو رات گئے موسلا دھار بارش نے جہاں موسم حسین اور خوشگوار بنایا وہیں گرمی کا زور بھی توڑ ڈالا۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں باران رحمت سے سبزے کی خوبصورتی کو چار چاند لگ گئے۔ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش نے شہریوں کو بھی خوش کردیا۔ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بارش اور ٹھنڈی ہواؤں نے موسم سہانا بنا دیا۔ جھنگ، چنیوٹ اور گردونواح میں صبح سویرے بادل کھل کر برسے۔ محکمے کے مطابق آج بروز جمعہ 17 جون کو بھی مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا میں بھی مزید بادل برسیں گے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کا امکان ہے۔ میٹ آفس کے مطابق لاہور میں مون سون کے پہلے اسپیل کی انٹری 22 جون سے ہوگی۔ میدانی اور بالائی سمیت جنوبی اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے۔ کئی علاقوں میں تیز ہوائیں بھی چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔خیبرپختونخوا، پنجاب، اسلام آباد، خطۂ پوٹھوہار، گلگت بلتستان اورکشمیر میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ تیزہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جب کہ بالائی سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں گرد آلود ہوائیں، آندھی چلنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی توقع ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

مزید پڑھیں:  ہماری منزل حقیقی آزادی ہے، فیصل جاوید
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.