آئی سی سی ون ڈے رینکنگ؛ پاکستان نے بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا
(تکبیر نیوز)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ایک روزہ میچز کی رینکنگ جاری کردی جس میں پاکستان نے بھارت سے چوتھی پوزیشن چھین لی۔
آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں پاکستان چوتھے نمبر پر آگیا جب کہ بھارت کو ایک نمبر نیچے یعنی پانچویں نمبر پر جگہ مل سکی۔ قومی کرکٹ ٹیم کی رینکنگ میں بہتری ویسٹ انڈیز کے خلاف کلین سوئپ کے باعث آئی۔ون ڈے رینکنگ میں 12 ایک روزہ میچ کھیل کر 1 ہزار 505 پوائنٹس حاصل کرنے والی نیوزی لینڈ اوّل نمبر پر براجمان ہے جس کی ریٹنگ 125 ہے جب کہ دوسرے نمبر پر برطانوی ٹیم ہے جس نے 19 میچ کھیلے اور 2 ہزار 353 پوائنٹس سمیٹے تاہم ریٹنگ 124 رہی۔اسی طرح آسٹریلیا نے 18 میچز کھیلے اور ایک ہزار 929 پوئنٹس حاصل کیے اس کی ریٹنگ 107 رہی جس کے باعث آسٹریلوی ٹیم رینکنگ میں تیسرے نمبر پر نظر آئی۔ پاکستان نے 19 میچ کھیل کر 2 ہزار پانچ پوائنٹس حاصل کیے اور 106 ریٹنگ کی حقدار ٹھہری۔بھارت 22 میچ کھیلنے کے باوجود صرف 2 ہزار 304 پوائنٹس بنا سکا اور ریٹنگ 105 رہی اور چوتھی پوزیشن پر لڑکھڑا گیا۔ اس طرح پاکستان نے چوتھی پوزیشن چھین کر بھارت کو پانچویں نمبر پر دھکیل دیا۔واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ روز ویسٹ انڈیز کو تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں 53 رنز سے شکست دیکر کلین سوئپ کیا تھا۔