ملتان کے کرکٹ اسٹیڈیم میں 14 سال بعد بین الاقوامی کرکٹ کے میچز کھیلے جارہے ہیں جس میں پاکستان اور ویسٹ کی ٹیمیں ون ڈے سیریز میں مدمقابل ہیں۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا میچ جاری تھا کہ پاکستان کی بیٹنگ کے دوران اچانک 39 ویں اوور میں ایک تماشائی گراؤنڈ میں داخل ہوگیا۔تماشائی نے گراؤنڈ میں داخل ہوکر کریز پر موجود شاداب خان کو سیلوٹ کیا جس کے بعد نائب کپتان نے اسے گلے لگالیا۔گراؤنڈ میں گھسنے کے بعد تماشائی خوشی خوشی واپس لوٹ گیا لیکن بعد ازاں پولیس نے اسے گرفتار کرلیا اور اب اس کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرلی گئی ہے۔پولیس کے مطابق تماشائی وقاص اشرف کے خلاف دفعہ 452 اور 188 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ وقاص اشرف گراؤنڈ سے واپسی پر شائقین کی جانب بھاگا اور پھر فرار ہونے کی کوشش کی جس کے باعث یہ دونوں دفعات شامل کی گئی ہیں۔پولیس کا مزید کہنا تھا وقاص اشرف کا جسمانی ریمانڈ ہوگا اور ان سے مزید تفتیش کی جائے گی جس کے بعد قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔