ناٹنگھم (تکبیر نیوز) — مڈلینڈز کے شہر ناٹنگھم میں ایک رہائشی مکان سے تقریباً 2 لاکھ پاؤنڈ مالیت کی کینابس (بھنگ) کی فصل برآمد ہونے کے بعد ایک غیر قانونی تارک وطن کو عدالت نے قید کی سزا سنا دی۔
نوٹنگھم شائر پولیس کے مطابق 22 سالہ ریڈس شاہینی کو اُس وقت گرفتار کیا گیا جب پولیس نے کلفٹن کے علاقے مینیسٹی کریسنٹ میں واقع ایک گھر پر چھاپہ مارا۔ ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے باغیچوں کی باڑیں پھلانگ کر فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس اہلکاروں نے تعاقب کے بعد اسے قریبی گھر کے پچھواڑے سے حراست میں لے لیا۔
پولیس کو تین منزلہ مکان سے 263 کینابس پودے برآمد ہوئے جن کی اسٹریٹ ویلیو تقریباً 2 لاکھ پاؤنڈ بتائی گئی ہے۔
ریڈس شاہینی، جس کا کوئی مستقل پتہ نہیں، نے کلاس بی منشیات کی پیداوار کا جرم قبول کیا۔ اس نے یہ بھی تسلیم کیا کہ وہ 2024 میں ملک بدری کے باوجود دوبارہ برطانیہ میں داخل ہوا تھا۔
نوٹنگھم کراؤن کورٹ نے 10 فروری کو ملزم کو 22 ماہ قید کی سزا سنائی۔ پولیس کے مطابق سزا مکمل ہونے کے بعد اسے دوبارہ ملک بدر کرنے کی سفارش کی جائے گی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کی منشیات فیکٹریاں نہ صرف جرائم پیشہ عناصر کے لیے مالی فائدے کا ذریعہ بنتی ہیں بلکہ آگ لگنے اور دیگر خطرات کا بھی باعث ہو سکتی ہیں۔
تحقیقات کے مطابق اس کارروائی میں مقامی کمیونٹی کی فراہم کردہ معلومات نے اہم کردار ادا کیا۔
