(تکبیر نیوز)— رپورٹ: ماجد خان
میرپور میں چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل چوہدری راشد رشید ایڈووکیٹ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ضلع میرپور کی تعمیر و ترقی، مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت سے متعلق اہم امور زیر غور آئے۔
ملاقات کے دوران تحریکِ آزادیٔ کشمیر کے حوالے سے وکلاء برادری کے تاریخی اور مؤثر کردار کو سراہا گیا، جبکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کے خلاف متفقہ طور پر آواز بلند کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا نے کہا کہ ضلع میرپور کی تعمیر، ترقی اور خوبصورتی کے لیے ضلع کونسل کے پلیٹ فارم سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ میرپور کو اوورسیز کشمیریوں کی توقعات کے مطابق صاف ستھرا، خوبصورت اور مثالی شہر بنایا جائے۔
دوسری جانب سیکرٹری جنرل سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری راشد رشید ایڈووکیٹ نے کہا کہ وکلاء برادری نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنا بھرپور اور کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لیے عملی کردار ادا کیا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر مسئلہ کشمیر کا پُرامن حل نہ نکالا گیا تو پورے جنوبی ایشیا کا امن شدید خطرے میں پڑ سکتا ہے، جس کے نتائج خطے کے لیے انتہائی سنگین ہوں گے۔
