اسلام آباد: یکم جولائی سے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 8 روپے کا بڑا اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
نجی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ بنیادی ٹیرف کی مد میں کیا جائے گا اور اضافے کا فیصلہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی درخواستوں پر نیپرا کے فیصلوں کے بعد ہوگا۔
وزارت توانائی کے مطابق نیپرا کی جانب سے جلد فیصلے متوقع ہیں جبکہ نیپرا بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی ریونیو ضروریات کی درخواستوں پر سماعت مکمل کرچکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بجلی کی قیمت بڑھانے کا حتمی فیصلہ نیپرا کے فیصلے جاری ہونے کے بعد کیا جائے گا جبکہ حکومت ٹارگٹڈ سبسڈی کا فیصلہ بھی کرے گی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ یکمشت نہیں کیا جائے گا جبکہ بجلی مہنگی ہونے کی وجہ فیول پرائسز، ڈالر کا مہنگا ہونا، کمپنیوں کے نقصانات اور گردشی قرضوں کو قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اس وقت ملک میں بجلی کا بنیادہ ٹیرف ساڑھے 16 روپے فی یونٹ سے زائد ہے جو کہ بڑھ کر 24 روپے سے تجاوز کرسکتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل یکم جولائی سے گیس کی قیمت میں بھی بڑے اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ وفاقی حکومت 26 مئی کو پیٹرول کی قیمت میں 30 روپے تک اضافے کا اعلان کرچکی ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا بھی عندیہ دے رکھا ہے۔