نیپال میں مسافر طیارہ 22 مسافروں کے ساتھ لاپتا، تلاش کیلیے 2 ہیلی کاپٹر روانہ

24

نیپال میں ایک چھوٹا مسافر بردار طیارہ لاپتا ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ طیارے میں 22 مسافر سوار تھے جن میں تیرہ نیپالی، دو جرمن اور چار بھارتی باشندوں کے ساتھ ساتھ عملے کے تین ارکان بھی شامل ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نیپال کی تارا ایئر لائنز کا یہ جہاز اتوار کی صبح دوران پرواز غائب ہوا۔ ٹوئن اوٹر ایئرکرافٹ نے صبح نو بج کر 55 منٹ پر نیپال کے مغربی قصبے پوکھارا سے اڑان بھری تھی لیکن جلد ہی اس کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

تارا ایئر کے ترجمان سدھرشن بھرتولا نے اے ایف پی کو بتایا کہ طیارہ پوکھارا سے جوم سوم کے درمیان محو پرواز تھا جس دوران اس کا رابطہ ایئر ٹریفک کنٹرول سے منقطع ہوا۔ ان کے مطابق طیارے میں 19 مسافر جبکہ عملے کے تین ارکان موجود تھے۔

نیپال کی وزارت داخلہ کے ایک ترجمان پھانندرا مانی پوکھاریل نے بتایا کہ مسافر طیارے کی تلاش کے لیے دو ہیلی کاپٹر روانہ کر دیے گئے ہیں لیکن ان کے بقول حد نگاہ بہت کم ہے۔ خراب موسم کی وجہ سے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن متاثر ہو سکتا ہے کیونکہ اس صورتحال میں کچھ بھی دکھائی نہیں دیتا۔

خیال رہے کہ جوم سوم دارالحکومت کھٹمنڈو کے مغربی علاقے میں واقع کوہ ہمالیہ کا ایک معروف سیاحتی مقام ہے۔ یہ مقام پوکھارا سے 20 منٹ کی فضائی مسافت پر واقع ہے۔

مزید پڑھیں:  قوم کو فیصلہ کرنا ہے شیر کی صحیح جگہ پنجرہ ہے، سراج الحق
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.