عوام کا غصہ 8 فروری کو نکلے گا، عمران خان

38

راولپنڈی کی  اڈیالہ جیل میں قائم عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے  ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ 9 مئی واقعات پر نگراں  وفاقی حکومت کی نگرانی میں تحقیقات کو نہیں مانتے، 9 مئی سے متعلق کوئی آزادانہ انکوائری نہیں ہوئی۔

نومئی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت اور اسٹیبلشمنٹ اور الیکشن کمیشن ملے ہوئے ہیں، جب تک جی ایچ کیو، جناح ہاؤس اور دیگر تنصیبات کی سی سی ٹی وی فوٹیج چوری کرنے والوں کو نہیں پکڑا جاتا حقائق سامنے نہیں آسکتے، جس نے بھی جلاؤ گھیراؤ کیا ہے اس کو پکڑا جائے لیکن پہلے آزادنہ تحقیقات کرائی جائیں۔

عمران خان نے کہا کہ انہوں نے کور کمانڈر ہاؤس لاہور، جی ایچ کیو اور اسلام آباد ہائی کورٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیجز ہی غائب کر دی ہیں،  امریکا میں کیپیٹل ہِل پر جب حملہ ہوا تو ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے گرفتار کیا گیا، ہمارے پاس ویڈیوز ہیں جس میں یاسمین راشد کارکنان کو تلقین کر رہی ہیں کہ کور کمانڈر ہاؤس کی طرف نہیں جانا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ  80 فیصد فوج پی ٹی آئی کے ساتھ ہے، یہ جو مرضی کر لیں، انتخابی نشان لے لیں پی ٹی آئی کوہرا نہیں سکتے، ایسی پری پول دھاندلی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی، انہوں نے 8 فروری کو بھی دھاندلی کرنی ہے، دھاندلی کے باوجود ضمنی انتخابات ہارنے پر یہ پی ٹی آئی کو فیلڈ نہیں دے رہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا ہاتھ عوام کی نبض پر ہے، عوام کا غصہ8 فروری کو نکلے گا۔

مزید پڑھیں:  قرآن کی بیحرمتی پرامریکا کی مذمت؛سعودیہ نے سویڈش سفیر کو طلب کرلیا
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.