لندن میں سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس کی موجودگی کے شواہد ملے ہیں۔جس کے بعد برطانوی حکومت نے قومی سطح پر ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی دارالحکومت لندن میں سیوریج کے پانی میں پولیو کے زندہ وائرس پائے گئے ہیں تاہم، عوام میں وائرس پھیلنے کا خطرہ کم ہے،اس کے باوجود محکمہ صحت نے عوام سے ویکسینیشن کرانے کی اپیل کی۔
اس حوالے سے یوکے ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی (یو کے ایس ایچ اے) کا کہنا ہے کہ فروری میں نکاسی آب کی معمول کے مطابق نگرانی چل رہی تھی کہ مشرقی اور شمالی لندن میں ویکسین میں پائے جانے والے کمزور مگر زندہ پولیو وائرس کو دریافت کیا گیا تھا جسکے بعد سے جمع کیے جانے والے نمونوں میں یہ وائرس موجود پایا گیا ہے۔
برطانوی محکمہ صحت کی عہدیدار ڈاکٹر ونیسا کہتی ہیں کہ دریافت ہونے والا وائرس بے شک کمزور ہے مگر اس میں پھیلنے کی صلاحیت موجود ہے۔ان آبادیوں اور برادریوں میں وائرس پھیلنے کا امکان زیادہ ہے جن میں ویکسینیشن کی شرح کم ہے۔
خیال رہے، پولیو وائرس ہاتھوں کی ناقص صفائی، پانی اور غذائی آلودگی سے پھیلتا ہے مگر کبھی کبھار کھانسی اور چھینکوں سے بھی ایک سے دوسرے میں منتقل ہوجاتا ہے۔